گجرات میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کو لے کربھوپیندر حکومت سر گرم
یو سی سی کمیٹی نے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کو رپورٹ پیش کی،اگلے ماہ اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بل پیش کئے جانے کا امکان

نئی دہلی ،06 اگست :۔
اتراکھنڈ کے بعد اب گجرات حکومت بھی یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے نفاذ کیلئے سر گرم ہو گئی ہے ۔ اس سلسلے میں یو سی سی کمیٹی کی چیئر پرسن سبکدوش جج رنجنا دیسائی اور دیگر اراکین نے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل سے ملاقات کرکے رپورٹ پیش کر دی ہے۔ اگلے مہینے اسمبلی کے مانسون اجلاس میں یو سی سی بل پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سبکدوش جج رنجنا دیسائی نے بتایا کہ ریاست کے سبھی ضلعوں میں مختلف تنظیموں اور طبقوں کے لوگوں سے اس پر بات چیت کی گئی ہے۔ ان سے ملے ایک لاکھ 15 ہزار مشوروں کو اس رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کے ترجمان اور کابینہ وزیر رشی کیش پٹیل نے بتایا کہ یو سی سی کمیٹی کی رپورٹ ملی ہے۔ حکومت اس کا سنجیدگی سے مطالعہ کرے گی۔
سابق جسٹس رنجنا دیسائی نے میٹنگ کو اب تک کیے گئے کاموں پر بحث کے لیے ایک رسمی بات چیت بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے ہر ضلع کا دورہ کیا ہے، سماج کے سبھی طبقوں کے لوگوں سے بات چیت کی ہے اور ان کے ردعمل کو یکساں سول کوڈ پر اپنی رپورٹ میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حتمی رپورٹ آنے والے دنوں میں باضابطہ طور سے پیش کی جائے گی، جس کے بعد حکومت اس پر عمل درآمد کا فیصلہ کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے 4 فروری کو یکساں سول کوڈ کمیٹی کی تشکیل کی تھی۔ جسٹس رنجنا دیسائی کی قیادت والی پانچ رکنی کمیٹی کو شروع میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 45 دنوں کا وقت دیا گیا تھا۔ حالانکہ سماج کے سبھی طبقوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت یقینی کرنے کے لیے اس کی مدت کار تین مرتبہ بڑھائی گئی۔