گجرات : حضرت  پنچ پیر کی درگاہ سمیت 200مسلمانوں کے مکان منہدم  

نئی دہلی ،13 جنوری :۔

بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں مسلمانوں کے محلوں اور عبادت گاہوں اورمذہبی مقامات کے خلاف انہدامی کارروائی جاری ہے۔سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود مختلف بہانوں سے غیر قانونی قبضے کے نام پر بی جے پی کی حکومتیں مسلم محلوں میں انہدامی کارروائی  کر رہی ہیں۔  گجرات میں پچھلے کئی دنوں سے بلڈوزر کی کاروائی جاری ہے۔  اس دوران دوارکا سے تازہ معاملہ سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق   انتظامیہ نے یہاں بنی حضرت پنج پیر کی درگاہ پر بلڈوزر  کی کارروائی کی ہے۔ دوارکا ضلع کے اوکھا میں گجرات میری ٹائم بورڈ (جی ایم بی) کی زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر  کا دعویٰ کرتے ہوئے درگاہ حضرت پنج پیر کو انتظامیہ نے مسمار کر دیا ہے۔دوارکا کے بیٹ دوارکا میں گزشتہ تین دنوں سے  تقریباً 200 مکانات کو منہدم کر کے ہزاروں مربع میٹر سرکاری زمین خالی کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ حکام نے پیروٹن آئی لینڈ پر تقریباً 4000 مربع فٹ پر پھیلے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھی بلڈوزر کارروائی کی۔  یہ قدم قومی سلامتی اور خطے کے سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا۔

حکومت گجرات کے محکمہ اطلاعات کے مطابق قبضے کی وجہ سے لوگوں کی بڑھتی ہوئی غیر قانونی نقل و حرکت نے قومی سلامتی کے لیے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔