گجرات: تین سالوں میں 25,478 لوگوں نے خودکشی کی، تقریباً 500 طلباء بھی شامل
نئی دہلی،یکم مارچ :۔
بی جے پی کی حکومت والی ریاست گجرات میں تین سالوں میں 25,000 سے زیادہ خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس میں دارالحکومت احمد آباد میں خودکشی کے سب سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز حکومت نے اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں گزشتہ تین مالی سالوں کے دوران مختلف وجوہات کی وجہ سے 25,000 سے زیادہ لوگوں نے خودکشی کی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ خودکشی کرنے والوں میں تقریباً 500 طلباء شامل ہیں۔
گجرات حکومت کی جانب سے ایوان میں شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں گجرات کے مختلف حصوں میں 25,478 افراد نے خودکشی کی ہے۔ خودکشی کرنے والوں میں 495 طلباء شامل ہیں۔
کانگریس لیڈر عمران کھیڈا والا کے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے ایک تحریری جواب میں کہا ہے کہ مالی سال 2020-21 میں 8,307 لوگوں نے خودکشی کی ہے، مالی سال 2021-22 میں 8,614 اورمالی سال 2022-23 میں 8,557 لوگوں نے خودکشی کی ہے۔
گجرات حکومت کے ذریعہ دیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ خودکشی کے سب سے زیادہ واقعات، 3,280، احمد آباد شہر میں درج کیے گئے، اس کے بعد سورت شہر میں 2,862 اور راجکوٹ شہر میں 1,287 ہیں۔
ان خودکشیوں کی کئی وجوہات بتائی گئی ہیں۔ حکومت کی طرف سے خودکشی کی جن وجوہات کا حوالہ دیا گیا ہے ان میں دماغی صحت، محبت کا رشتہ، سنگین بیماری، خاندانی مسائل، مالی بحران اور امتحانات میں ناکامی کا خوف وغیرہ شامل ہیں۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو خودکشی کرنے سے روکنے کے لیے، ریاستی حکومت ہیلپ لائن نمبر ‘181 ابیہام’ اور ‘1096 زندگی’ کے ذریعے مشاورت فراہم کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں سے 495 طالب علم تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلباء کو اپنی جان لینے سے روکنے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔