گجرات بم دھماکہ معاملے میں گرفتار رضی الدین 16سال بعد گھر لوٹے 

نئی دہلی ،04فروری :۔

رضی الدین ناصر   16 سال جیل میں رہنے کے بعدگزشتہ روز جمعرات کو گجرات کی سابرمتی جیل سے رہا کر دیئے گئے ۔سپریم کورٹ کے حکم کے بعد انہیں گجرات دھماکے کی سازش کیس میں ضمانت مل گئی ۔

دی آبزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سیدآباد سے تعلق رکھنے والے، معروف عالم دین مولانا نصیر الدین کے سب سے چھوٹے بیٹے، سابق صدر وحدت اسلامی حیدرآباد شہر واپس آئے اور اپنی سید آباد رہائش گاہ پر اپنے خاندان کے افراد  سے ملاقات کی۔

ناصر 2008 کے احمد آباد سلسلہ وار بم دھماکوں کے کیس کے 28 ملزمان میں شامل تھے، جنہیں فروری 2022 میں بری کر دیا گیا تھا۔

احمد آباد پولیس کی ڈیٹیکشن کرائم برانچ نے 2008 میں ناصر کو یہ دعویٰ کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا کہ وہ کالعدم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (SIMI) کے ایک دھڑے انڈین مجاہدین (IM) کے ارکان میں سے ایک تھا۔ اس لیے ان پر سلسلہ وار دھماکوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا۔

 

واضح رہے کہ 26 جولائی 2008 کو احمد آباد شہر کو 19 بم دھماکوں کی ایک سیریز نے ہلا کر رکھ دیا اور مبینہ طور پر 56 افراد  ہلاک ہو گئے تھے ۔