گؤ کشی کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں
ممبئی پولیس کمشنر نے وویک پھنسلکر کی عید الاضحیٰ کے موقع پر ذبیحہ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو اور پھوٹو شیئر نہ کرنے کی اپیل
ممبئی ،نئی دہلی ،16 جون :۔
عید الاضحی کے پیش نظر متعدد ریاستوں میں مسلمانوں کو جانوروں کی نقل و حمل میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گزشتہ دنوں کچھ ریاستوں میں ٹرکوں پر ہندو شدت پسندوں نے گؤ رکشا کے نام پر حملہ کیا اور متعدد ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ مار پیٹ کی ۔ دریں اثنا ممبئی پولیس کمشنر نے عید الاضحیٰ کے پیش نظر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سماج سے ایک اپیل کی ہے۔ انہو نے کہا کہ ذبیحہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل نہ کریں ۔نہ ویڈیو بنائے اور نہ ہی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کریں ۔ ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ،گؤ کشی کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، اگرکسی کو کوئی شبہ ہے تو اس کی شکایت پولیس سے کرے۔عید قرباں کیلئے ممبئی پولیس نے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔
وویک پھنسلکر نے بتایا کہ ، عید الاضحی کے پیش نظر پولیس کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ، اتنا ہی نہیں حساس علاقوں میں بندوبست میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔
پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عید قرباں میں سوشل میڈیا پر ذبیحہ کے ویڈیو وائرل کرنے, خون آلود کپڑے پہن کر گشت کرنے, چھری یا ہتھیاروں کی نمائش کرنے سے گریز کریں اور گوشت لے جاتے وقت اسے ڈھانپ کر سلیقہ سے لے جائیں یہ ان کی بھی ذمہ داری ہے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے اس سے سماج میں بھائی چارگی پیدا ہوتی ہے اور اسکی اسلام بھی ترغیب دیتا ہے کہ قربانی کی نمائش نہ کی جائے کیونکہ اللہ نیتوں پر فیصلہ کرتا ہے۔
ممبئی پولیس کمشنر نے انتباہ کیا ہے کہ عید قرباں کے دوران اگر کوئی قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے اگر گؤ کشی سے متعلق کسی کو شبہ ہے یا کوئی مشتبہ نقل و حمل پائی جاتی ہے تو اس کی اطلاع پولیس اسٹیشن کو دے اور پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال دیونار مذبح سے گوشت کی نقل و حمل کیلئے پولیس نے فری وے سے ٹیمپو کو بھی اجازت دی تھی اس کے ساتھ ہی پولیس نے اسکواڈنگ بھی فراہم کی تھی چونکہ پولیس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ان کے تہواروں پر تحفظ فراہم کرے، اور جن کا تہوار ہے انہیں بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ وہ کسی کی دل آزاری نہ کرے اور ایسے عمل سے گزیز کرے جس سے نظم ونسق کا مسئلہ پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ماحول پرامن ہے ایسے میں اگر کوئی شرپسند عناصر اسے مکدر کر نے کی کوشش کرتا ہے تو پولیس اس سے سختی سے نمٹے گی ، اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی پولیس کی نگرانی رہے گی اگر کسی کو کوئی پریشانی ہے یا ٹرانسپوٹرس کو کوئی ہراساں کرتا ہے تو اس کی شکایت وہ پولیس اسٹیشن میں کر سکتے ہیں اگر کوئی بے جا ہراساں کرتا ہے تو اس پر بھی پولیس مقدمہ درج کریگی۔