گؤ رکشا کے نام پر پھر تشدد ، مسلم ڈرائیوروں کی بے رحمی سے پٹائی، جے شری رام کے نعرے لگوائے
نئی دہلی ،03جنوری :۔
مسلمانوں کے خلاف گؤ رکشا دلوں کی غنڈہ گردی کم نہیں ہو رہی ہے ۔آئے دن مسلم ڈرائیور گؤ رکشا دلوں کی زیادتی کا نشانہ بن رہے ہیں خاص طور پر ہریانہ میں گؤ رکشکوں کے حوصلے بلند ہیں ۔جہاں مویشی پروری سے وابستہ مسلمان ان کے نشانے پر ہیں ۔تازہ معاملہ ہریانہ میں دو مسلم ڈرائیوروں کی بے رحمی سے پٹائی کا ہے ۔سوشل میڈیا پر پٹائی کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے ۔ اس دوران شدت پسندوں نے دو مسلم ڈرائیوروں کو بے دردی سے پیٹا اور جئے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا۔
معلومات کے مطابق 29 دسمبر کو گؤ رکشا دل کے ارکان نے مویشی لے جانے والے دو مسلم ڈرائیوروں کو جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور ان کی بے دردی سے پٹائی کی۔
اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ملزمان نے متاثرہ افراد کو گاڑی میں بٹھا کر مارا پیٹا ہے۔وائرل ویڈیو میں، ملزمان متاثرین کو "گائے ہماری ماں ہیں”، "گائے کے محافظ ہمارے باپ ہیں” کہہ رہے تھے اور ان کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے رام کے نام پر دہشت پھیلانے والے ان دہشت گردوں پرکارروائی کی آواز اٹھائی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ این آئی اے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتی ؟ ایک بے بس انسان کو باندھ کر اور جانوروں کی طرح پیٹ کر اپنی بہادری کا ثبوت دینے والے یہ دہشت گرد اس زمین پر انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔