کیرالہ: فلسطین کی حمایت پر پوسٹر چسپاں کرنے پر چھ طلباء گرفتار اور رہا
تھرواننت پورم ،08 جنوری :۔
کیرالہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھ طلباء کو گرفتار کر لیا ۔الزام ہے کہ یہ تمام طلباء فلسطین کی حمایت میں پوسٹر چسپاں کر رہے تھے ۔یہ واقعہ گزشتہ روز چار جنوری کو پیش آیا تھا ۔پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد معمولی کارروائی کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا۔
مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ پولیس نے طلباء کو کوزی کوڈ کے قریب اسٹار بکس اسٹور پر بائیکاٹ کا پوسٹر چسپاں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ بعد میں کوزی کوڈ ضلع کے فاروق کالج کے طلباء کو دو ضمانتیں پیش کرنے پر پولیس اسٹیشن سے رہا کردیا گیا ۔
پولیس نے طلباء کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 448 ، 153 ( فساد بھڑکانے کے ارادے سے اشتعال انگیزی کرنا ) 427 اور 34 ( ایکٹ ) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے ثبوت کے طور پر اس کار کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے ۔ جس میں طلباء نے سفر کیا تھا ۔ میڈیا کے مطابق کوزی کوڈ پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 4 جنوری کی شام پیش آیا تھا ۔ طلبا پر الزام ہے کہ انہوں نے اسٹار بکس اسٹور کے دروازے پر فلسطین کی حمایت میں پوسٹر لگائے تھے ۔ طلباء کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد غزہ میں نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانا تھا اشتعال انگیزی کرنا نہیں تھا ۔ طلباء نے بتایا کہ ابتداء میں پوسٹرز لگانے سے کسی نے ہمیں نہیں روکا ۔ انہوں نے پولیس کارروائی کو غیر ضروری قرار دیا ۔ان طلبا کا تعلق فریٹرنٹی نامی طلبا تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔