کیرالہ :سرکارامندر میں آر ایس ایس کی شاکھا لگانے پر کیرل ہائیکورٹ کی پابندی
نئی دہلی ،ترواننت پورم ،13 ستمبر :۔
کیرالہ میں ترووننت پورم کے سرکارا دیوی مندر احاطہ میں آر ایس ایس کے ذریعہ شا کھا لگائے جانے پر کیرالہ ہائی کورٹ نے پابندی عائد کر دی ہے۔ ہائی کورٹ نے سرکارا دیوی مندر میں آر ایس ایس کے ٹریننگ کیمپ کو چیلنج پیش کرنے والی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ سرکارا مندر کا انتظام و انصرام تراونکور دیوسووم بورڈ (ٹی ڈی بی) کے ہاتھوں میں ہے جسے نظر اندا نہیں کیا جا سکتا۔
کیرالہ ہائی کورٹ نے کہا کہ مندر کے احاطہ میں کسی اجتماعی پریکٹس یا اسلحہ تربیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حالانکہ مندر احاطہ میں اسلحہ ٹریننگ پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے، اور اب شا کھا لگائے جانے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ مندر احاطہ کا استعمال اجتماعی ڈرِل یا اسلحہ ٹریننگ کے لیے نہیں کیا جا سکتا ہے، وہاں صرف پوجا-تہوار منانے کی ہی اجازت ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ ٹی ڈی بی نے پہلے ہی کہا تھا کہ مندر احاطہ میں پوجا اور تہوار کے علاوہ کسی دیگر پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں ملے گی۔ حال ہی میں جسٹس انل کے. نریندرن اور جسٹس پی جی اجیت کمار کی بنچ نے اس معاملے پر ایک حکم سنایا تھا۔ اس دوران بھی بنچ نے مندر احاطہ میں کسی اجتماعی پریکٹس یا اسلحہ تربیت کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کے شاکھا پر روک لگانے کی بات کہی تھی۔