کیرالہ: بی جے پی-آر ایس ایس کے آٹھ کارکنان  سی پی آئی (ایم) کارکن کے قتل  میں قصوروار قرار

نئی دہلی ،11جنوری :۔

کیرالہ کی ایک عدالت نے گزشتہ روز جمعہ 10 جنوری کو تریویندرم کے عالم کوڈ کے قریب سی پی آئی (ایم) کے کارکن سری کمار کے 2013 کے قتل میں بی جے پی-آر ایس ایس کے آٹھ کارکنوں کو مجرم قرار دیا۔ مقتول کو مالی تنازعہ کی بناء پر مار پیٹ کر قتل کر دیا گیاتھا۔

ترواننت پورم کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج   آج سدرسن نے پانچ افراد- شمبھو کمار عرف شمبھو، سری جیت عرف اننی، ہری کمار، چندرموہن عرف امبیلی، اور سنتوش عرف چندو کو تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے تحت قتل کا قصوروار پایا۔ تین دیگر – ابھیشیک عرف اینی سنتوش، پرشانت عرف پزینجی پرشانت، اور سجیو – کو مجرمانہ سازش کا حصہ ہونے کا قصوروار پایا گیا۔سزا کا اعلان 15 جنوری کو کیا جائے گا۔

استغاثہ نے کہا کہ سری کمار، جسے اشوکن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کا قتل ایک ملزم شمبھو اور سری کمار کے دوست آد بنو کے درمیان مالی تنازعہ کی وجہ سے ہوا تھا۔ سری کمار نے تنازعہ میں مداخلت کی تھی جس سے شمبھو کو چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے جوابی منصوبہ بنایا گیا۔ آٹھ ملزمان نے 5 مئی 2013 کو عالم کوڈ کے قریب سری کمار پر حملہ کر کے قتل کر دیا۔عدالت نے ناکافی شواہد کی بنا پر دیگر آٹھ افراد کو بری کر دیا جن پر شواہد کو تباہ کرنے اور حملہ آوروں کو فرار ہونے میں مدد دینے کے الزامات تھے۔استغاثہ نے اپنے کیس کی حمایت میں 45 گواہان اور 110 دستاویزات پیش کیں۔