کیرالہ اورکولکاتہ میں فلسطین کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے، لاکھوں افرادکا اجتماع 

نئی دہلی ،28اکتوبر :۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی، اسرائیل غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہا ہے جس میں اب تک 7 ہزار سے زائد معصوم بچے اور خواتین جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دنیا بھر میں انصاف پسند لوگ اس جنگ کو روکنے کی اپیل کر رہے ہیں،اقوام متحدہ میں 102 ممالک نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور کی ہے  لیکن اس کے باوجود اسرائیل مسلسل حملے کر رہا ہے ،اب اسرائیلی زمینی حملے میں تیز کرنے کی وارننگ دی ہے ۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا میں احتجاج ہو رہا ہے ، بھارت میں بھی فلسطین کی حمایت میں شدید احتجاج ہو رہا ہے،گزشتہ دنوں جمعہ کو دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی گئی اگر چہ حکومتی سطح پر مظاہرے کو روکا گیا اور مظاہرین کو حراست میں بھی لیا گیا ۔

جمعہ کے روز  کیرالہ اور بنگال سمیت بھارت کی مختلف ریاستوں میں  بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

اطلاع  کے مطابق کیرالہ اور کلکتہ میں منعقد کیے گئے اسرائیل مخالف مظاہروں میں لاکھوں لوگ جمع ہوئے، ان تمام لوگوں نے ایک آواز میں امن کی اپیل کی ۔

کیرالہ میں مظاہرے کی قیادت انڈین یونین مسلم لیگ نے کی جبکہ کلکتہ میں اس کی قیادت مفتی شاملی ندوی نے کی۔ اس دوران فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔مظاہرے کے دوران بڑی تعداد میں مظاہرین نے فلسطین کے جھنڈے بھی لہرائے۔