کیرالہ اسمبلی میں یکساں سول کوڈ کے خلاف قرارداد پاس

نئی دہلی ،10 اگست :۔

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کی مخالفت مسلسل بڑھ رہی ہے، بہار اور تلنگانہ کے بعد اب کیرالہ حکومت نے بھی اس کی سخت مخالفت کی ہے۔یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت میں اسمبلی میں ایک قرارداد پاس کرتے ہوئے کیرالہ حکومت نے اسے منواسمرتی پر مبنی قرار دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنارئی وجین کی طرف سے پیش کردہ قرارداد کو تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا، کانگریس کی قیادت والی اپوزیشن یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے ریاستی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہم مرکزی حکومت کے یو سی سی کو نافذ کرنے کے اقدام سے پریشان اور مایوس ہیں۔ یہ یکطرفہ اور جلد بازی کا قدم ہے۔

آر ایس ایس کی طرف سے تجویز کردہ یو سی سی آئین کے مطابق نہیں ہے، بلکہ یہ ‘منواسمرتی’ پر مبنی ہے۔ چونکہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے، اس لیے اس پر پابندی لگانے والا کوئی بھی قانون آئینی حق کی خلاف ورزی ہو گا۔