کیرالہ:چرچ میں دعائیہ نشست کے دوران سلسلہ وار دھماکے،ایک ہلاک،20 سے زائد زخمی

ایرنا کولم ،29اکتبور :۔

کیرالہ کے ایرناکولم میں آج صبح ایک کنونشن سینٹر میں تین زبردست دھماکے ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  یہ دھماکے دعائیہ تقریب کے دوران ہوئے ہیں  ۔  دھماکوں میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ایک عینی شاہد کے مطابق "دھماکہ دعائیہ تقریب شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد ہوا۔ کنونشن ہال کے اسٹیج سے یکے بعد دیگرے دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ہال میں اس وقت تقریباً دو ہزار افراد موجود تھے۔ تین روزہ کنونشن جمعہ کو شروع ہوا اور اتوار کو ختم ہونا تھا۔

کیرالہ پولیس نے بتایا کہ یہ دھماکے صبح تقریباً 9.30 بجے ایک دعائیہ نشست کے دوران اجلاس کے اسٹیج کے قریب ہوئے۔پولیس نے ہال کو سیل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔فائر فورس کے اہلکاروں نے ایک خاتون کی جلی ہوئی لاش کو نکال لیا ہے اور بتایا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنار ئی وجین نے کہا، ‘یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ ہم واقعے کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ تمام اعلیٰ عہدیدار ایرناکولم میں موجود ہیں۔ ڈی جی پی موقع پر جا رہے ہیں۔ ہم اسے بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ میں نے ڈی جی پی سے بات کی ہے۔ تحقیقات کے بعد مزید معلومات حاصل کرنی ہوں گی۔ فی الحال ایک شخص کی موت ہوچکی ہے اور دو افراد کی حالت قدرے تشویشناک ہے۔ کچھ ہسپتال میں داخل ہیں۔ تفصیلات ملنے کے بعد ہی بات کروں گا۔

این آئی اے کی 4 رکنی ٹیم موقع پر جا رہی ہے۔کوچی برانچ آفس سے روانہ ہونے والی این آئی اے ٹیم کے ساتھ مقامی پولیس بھی جائے وقوع پر جائے گی اور جانچ کرے گی۔ کنونشن سنٹر میں منعقدہ تین روزہ پروگرام کا آج آخری دن تھا۔ دھماکہ کیسے ہوا اور اس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ جس ہال میں دھماکا ہوا ہے وہاں 2 ہزار افراد کی گنجائش ہے اور دھماکے کے وقت وہاں موجود تھے۔

واضح رہے کہ اتوار کو یہاں ’یہوواہ کے گواہوں‘ کی ایک دعائیہ میٹنگ ہو رہی تھی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 20 سے زائد افراد کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے جلی ہوئی لاش نکال لی ہیں  اور کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کے وقت دعائیہ مجلس جاری تھی۔ اس دوران کچھ لوگ موقع پر ہی زخمی ہو گئے جبکہ کچھ لوگ میٹنگ ہال سے بھاگتے ہوئے زخمی ہو گئے۔