کیرالہ:مندر میں پھولوں سے آر ایس ایس کا پرچم بنانے اور ’آپریشن سندور‘ لکھنے پر 27 کے خلاف مقدمہ

نئی دہلی ،07ستمبر :۔
کیرالہ کے کولم ضلع میں پارتھ سارتھی مندر کے باہر پھولوں سے بنائے گئے ’پُوکلّم‘ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ پھولوں کی سجاوٹ میں آر ایس ایس کا پرچم اور ’آپریشن سندور‘ لکھے جانے کو لے کر آر ایس ایس اور بی جے پی کے 27 کارکنوں کے خلاف معاملے درج کیے گئے ہیں۔ مندر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پھولوں سے سجاوٹ بنائے جانے کے دوران ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی گئی ہے جبکہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ ’آپریشن سندور‘ کو وقف تھا۔
افسروں نے صاف کیا ہے کہ ایف آئی آر ’آپریشن سندور‘ لفظ کو لے کر نہیں بلکہ خاص طور پر آر ایس ایس کا جھنڈا لگانے کو لے کر ہے۔ وہیں کیرالہ بی جے پی کے سربراہ راج شیکھر نے سوشل میڈیا پوسٹ کرتے ہوئے اس معاملے کو فوراً واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ مسلح افواج اور دہشت گردی کے متاثرین کی توہین ہے۔
راج شیکھر نے لکھا، ’’آپریشن سندور ہماری شان ہے۔ یہ ہندوستانی فوج کی ہمت اور بہادری کی علامت ہے۔ یہ وہی آپریشن ہے جس نے 26 بے قصور سیاحوں کے قتل کا بدلہ لیا تھا۔ کیرالہ پولیس کی یہ ایف آئی آر ان 26 دہشت گردی متاثرین اور انکے کنبہ کے ساتھ ساتھ ہر اس فوجی کی توہین ہے جو ہندوستان کا تحفظ اپنے خون اور قربانی سے کرتا ہے۔‘‘
موصولہ اطلاع کے مطابق آر ایس ایس کا پرچم پھولوں کی سجاوٹ میں لگائے جانے کے بعد سستم کوٹّا پولیس نے مقدمہ درج کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سی پی آئی (ایم) اور بی جے پی دونوں فریقوں سے کہا گیا تھا کہ پُوکلّم میں کسی بھی طرح کا سیاسی پرچم یا علامت استعمال نہ کریں، کیونکہ علاقے میں پہلے سے کشیدگی کی حالت ہے۔ دونوں پارٹی اس شرط پر متفق بھی ہو گئی تھی لیکن فیسٹیول کے دوران پھولوں کی سجاوٹ میں آر ایس ایس کا پرچم لگایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس وجہ سے سمجھوتے کی خلاف ورزی ہوئی اور کشیدگی پھیلنے کا اندیشہ تھا، اس لیے معاملہ درج کیا گیا۔