کیرالہ، کرناٹک اور مہاراشٹر میں پھنسے شمال مشرق کے ہزاروں مہاجر مزدور اور خاندان خصوصی ٹرینوں کا مطالبہ کر رہے ہیں
گوہاٹی، مارچ 30: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے چوبیس مارچ کو ملک بھر میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد سے ملک کے شمال مشرقی خطے سے آنے والے ہزاروں تارکین وطن مزدور کیرل، تمل ناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ان مزدوروں میں سے بیشتر غیر منظم شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں اور ان کی روزی روٹی روز مرہ کی اجرت پر منحصر ہوتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شمال مشرق سے 20،000 سے زیادہ افراد مہاراشٹر میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ممبئی میں شمال مشرقی برادری کے نمائندے لیو تھرمی رائخان نے کہا ’’جب سے یہ لاک ڈاؤن نافذ ہوا ہے، ہمیں بہت ساری پریشانیوں کا سامنا ہے۔‘‘
اس خطے کے 40،000 سے زیادہ افراد کیرالہ میں بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ اسی طرح شمال مشرقی ریاستوں کے ہزاروں افراد دہلی، گجرات اور ہریانہ میں بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ آسام سے لگ بھگ 700 تارکین وطن مزدور ابھی تک آسام-بنگال کی سرحد پر سریرام پور میں پھنسے ہوئے ہیں۔
مزدوروں میں سے ایک گوتم داس ہفتے کے روز چنئی، تمل ناڈو کے دارالحکومت سے واپسی کا سفر شروع کرنے کے دس دن بعد موٹر سائیکل پر سوار اپنے گھر پہنچا۔
شمال مشرق سے آنے والے کچھ تارکین وطن کارکنوں کو مبینہ طور پر کچھ جگہوں پر نسلی حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ جب کہ بہت سے افراد کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پھنسے ہوئے تارکین وطن مزدوروں کے لواحقین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی اپنی اپنی ریاستوں میں بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائے۔