کیدارناتھ میں عقیدت مندوں کے ساتھ مار پیٹ کے معاملے میں چارہندو نوجوان گرفتار
مسلم نوجوانوں کے ذریعہ عقیدت مندوں کی پٹائی کے دعوے کے ساتھ ویڈیو وائرل ہو ا تھا،پولیس نے انکت سنگھ،سنتوش کمار، روہت کمار اور گوتم کو کیا گرفتار
نئی دہلی ،15 جون:۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر کسی بھی ویڈیو کو مسلمانوں کے خلاف منفی نقطہ نظر سے وائرل کر دیا جا رہا ہے ۔خواہ اس کا تعلق کسی بھی ملک یا کسی بھی جگہ سے ہو۔خاص طور پر ہندو تو نواز صارفین اس معاملے میں کافی سر گرم نظر آ رہے ہیں۔جبکہ حقیقت ان کے دعوے کے بر عکس ہوتا ہے ۔ایسا ہی ایک ویڈیو اترا کھنڈ کے کیدار ناتھ میں ہندو عقیدت مندوں کے ساتھ مار پیٹ کا ہے جسے گزشتہ 13 جون سے مختلف دائیں بازو کے حامی صارفین کی جانب سے اس دعوے کے ساتھ وائرل کیا جا رہا تھا کہ مار پیٹ کرنے والے مسلمان ہیں۔مگر جب پولیس نے فوری کارروائی کی اور تحقیق کیا تو اس میں مار پیٹ کرنے والے تمام خچر والے ہندو نکلے۔
رپورٹ کے مطابق کیدار ناتھ پولیس نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے انکت سنگھ، سنتوش کمار، روہت کمار اور گوتم نامی چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔خبر کے مطابق کیدارناتھ جانے والے کچھ عقیدت مندوں نے گھوڑوں کو مارنے کی مخالفت کی تھی ،عقیدت مندوں کا اعتراض ان گھوڑے اور خچر چلانے والوں کو برا لگا۔ اس سے وہ مشتعل ہو کر عقیدت مندوں کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مارنا شروع کر دیا۔
متاثرہ تنوکا پوندر نے کیدارناتھ دھام کے درشن سے واپس آکر 12 جون کو کوتوالی سون پریاگ میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھوڑے اور خچر مالکان انکت سنگھ، سنتوش کمار، روہت کمار اور گوتم کو گرفتار کرلیا۔اس معاملے کو لے کر کچھ ہندوتو گروپ کے صارفین یہ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ عقیدت مندوں پر حملہ کرنے والے جہادی یعنی مسلمان تھے جب کہ گرفتار حملہ آوروں میں ایک بھی مسلمان نہیں ہے۔
جرنو میرر کی رپورٹ کے مطابق نو نرمان ہندو سینا پریشد نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیدارناتھ میں جہادیوں کی دہشت۔ وائرل ویڈیو اتراکھنڈ دیو بھومی کیدارناتھ دھام کا بتایا جا رہا ہے۔ کیدارناتھ میں مسلم جہادی گھوڑے سواروں نے مسافروں کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مارا۔ اس کے علاوہ سرویش کمار نے لکھا ہے کہ، شرمناک اور افسوسناک، کیدارناتھ میں مسافروں کی پٹائی کرنے والے زیادہ تر گھوڑے اور خچر چلانے والے بلے ہیں(مسلمان)۔