کیا کشمیر فائلز بنانے والی بی جے پی میں ‘منی پور فائلز’ بنانے کی ہمت ہے؟
شیو سینا ادھو ٹھاکرے گروپ کے ترجمان سامنا میں پی ایم مودی سے پوچھے سوال،کشمیر فائلز فلم بنانے والوں پر بھی طنز
نئی دہلی ،24جولائی :۔
منی پور تشدد کے درمیان سڑک پر دو خواتین کی برہنہ پریڈ کے واقعہ کے بعد اپوزیشن مودی حکومت پر سخت حملہ آور ہے ۔اپوزیشن ہی نہیں بلکہ بی جے پی کو چھوڑ کر ملک کا ہر طبقہ اس اندوہناک واقعہ پر شرمندہ اور غصہ ہے ۔شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے نے اپنے ترجمان سامنا کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے ایجنڈے پر مبنی فلم سازوں سے سوال کیا اور لکھا – "کیا کشمیر فائلز کی طرح ‘منی پور فائلز’ فلم ملک میں بنا ئی اور دکھائی جائے گی؟کشمیر فائلز اور دی کیرالہ اسٹوری بنانے والے فلم سازوں سے بھی انہوں نے سوال کیا ہے کہ کیا ان کے اندر اتنی ہمت ہے کہ ایک فلم منی پور فائلز پر بھی بنا کر عوام کو دکھائیں؟۔
شیو سینا نے اپنے ترجمان میں منی پور میں دو خواتین کی برہنہ پریڈ کے بعد پی ایم مودی کے بیان پر بی جے پی اور پی ایم مودی سے سخت سوال کیا ہے۔
سامنا میں لکھا – "اگر ملک کی سپریم کورٹ نے خود منی پور تشدد کا نوٹس نہ لیا ہوتا تو ایسے شرمناک واقعہ کے بعد بھی پی ایم مودی اپنا منہ نہ کھولتے۔ سامنا میں بی جے پی اور پی ایم مودی سے سوال پوچھتے ہوئے انہوں لکھا – “جو حکومت ملک بھر میں فلم ‘کیرالہ اسٹوری’ کی تشہیر کر رہی تھی اور اسے سنیما ہالوں میں ٹیکس فری بنا رہی تھی، وہ اس طرح کا فرضی اور ایجنڈے پر مبنی فلم شو چلا رہی تھی۔ کیا بی جے پی میں اتنی ہمت ہے کہ وہ ایک فلم ‘منی پور فائلز’ بنا کر پورے ملک میں اس طرح پھیلائے؟
سامنا نے مزید لکھا – "منی پور میں جاری تشدد کے لئے ریاست کی بی جے پی اور مرکزی حکومتوں دونوں کو پھٹکار لگاتے ہوئے، سپریم کورٹ نے کہا -” دو خواتین کو سڑک پر برہنہ کیے جانے کا ویڈیو بہت پریشان کن ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کارروائی کرے ورنہ عدالت اپنے طریقے سے مداخلت کرے گی۔ اس کے بعد پی ایم مودی نے 80 دنوں کے بعد منی پور تشدد پر اپنی خاموشی توڑی۔
منی پور میں تقریباً 80 دنوں سے جاری تشدد کے بارے میں، سامنا نے مزید لکھا – مہینوں سے جاری تشدد کے درمیان سڑک پر دو خواتین کی برہنہ پریڈ کی شرمناک ویڈیو پوری دنیا نے دیکھی ہے۔ ملک کی عزت پوری دنیا میں مجروح ہوئی ہے۔ لیکن پی ایم مودی اور ان کی حکومت اس مسئلہ پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔
منی پور کشمیر سے زیادہ جل چکا ہے۔ لیکن کشمیر کے مسئلے پر ہندو مسلم کو ایجنڈا بنا کر فلم بنائی جاتی ہے۔ کیا بی جے پی اور پی ایم مودی فلم منی پور فائل بنا کر پورے ملک میں دکھائیں گے؟