کویت کا سویڈش زبان میں قرآن کریم کے ایک لاکھ نسخے شائع کرنے کا اعلان
کویتی وزیر اعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے متعلقہ اتھارٹی کو نسخوں کی اشاعت کی ہدایت دیدی
کویت سٹی ،12جولائی ۔
سویڈن میں گزشتہ روز عید الاضحیٰ کے دن قرآن کریم کو نذر آتش کئے جانے کے مذموم واقعہ کے بعد پوری دنیا میں مسلمانوں میں تشویش کی لہر ہے ۔ مسلمان متعدد ممالک میں اپنے اپنے طریقے سے اس مذموم حرکت کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ اسلامی ممالک میں بھی حکمرانوں کی جانب سے سویڈن کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ۔وہیں کویت نے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف سخت اقدام کے مطالبہ کے ساتھ ایک انوکھا اعلان کیا ہے ۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق کویت نے سویڈش زبان میں قرآن کریم کے ترجمہ والے ایک لاکھ نسخوں کی طباعت اور اشاعت کا اعلان کیا ہے۔ کویتی وزیر اعظم کا یہ فیصلہ اسلام کی رواداری اور تمام لوگوں کے درمیان اسلامی اقدار اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے کیئر اتھارٹی کو قرآن پاک کی طباعت اور اشاعت کا کام سونپ دیا تاکہ ان نسخوں کو سویڈن میں تقسیم کیا جا سکے۔
واضح رہے 28 جون کو عید الاضحیٰ کے پہلے دن سویڈن میں ایک عراقی شہری نے۔ معاذ اللہ۔ قرآن کریم کے نسخے کی بے حرمتی کی تھی۔ اس گھناو نی حرکت پر دنیا بھر میں مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے جس کا سلسلہ اب تک متعدد ممالک میں جاری ہے۔ کویت ان متعدد مسلم اکثریتی ممالک میں سے ایک تھا جس نے جون کے آخر میں سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کی مذمت کی تھی۔ کویتی وزارت خارجہ نے اس وقت سویڈن کے سفیر کو طلب کیا اور سویڈش حکومت سے مطالبہ کیا کہ "ان اجازت ناموں کی فراہمی کو روکنے کی ذمہ داری قبول کرے اور ایسی مذموم حرکت کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔