کوویڈ 19: ہندوستان میں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 10،815 ہوگئی، مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر
نئی دہلی، اپریل 14: آج شام وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی تازہ کاری کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے واقعات کی تعداد 10،815 ہوگئی ہے، جن میں 353 اموات بھی شامل ہیں۔ دن کے اوائل میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ تیزی سے پھیلنے والی اس بیماری پر قابو پانے کے لیے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کو 3 مئی تک بڑھایا جائے گا۔
2،377 کوویڈ 19 کیسز اور 160 اموات کے ساتھ مہاراشٹر ملک کی بدترین متاثرہ ریاست ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے 1،510 معاملات ہیں اور اموات کے 28 واقعات ہیں۔ تمل ناڈو میں 1،100 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ راجستھان میں 879 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے 730 کیس ہیں۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے ملک کے 600 سے زائد اسپتالوں کو مختص کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہمارے پاس 1،06،719 تنہا بیڈز کی گنجائش ہے اور 12،024 آئی سی یو [انتہائی نگہداشت یونٹ] بستر کوویڈ 19 مریضوں کے لیے مخصوص کردیے گئے ہیں۔‘‘
اگروال نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 20 اپریل کو کوویڈ 19 سے متاثر تمام اضلاع کا جائزہ لیا جائے گا اور پھر پابندیوں کو ختم کرنے یا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر آر گنگا کھیڈکر نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اب تک کوویڈ ۔19 کے 2.31 لاکھ نمونوں کی جانچ کی ہے۔ انھوں نے کہا ’’کل [پیر کو] 21،635 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ ان ٹیسٹوں میں سے 18،644 ٹیسٹ آئی سی ایم آر کے لیبز نیٹ ورک میں کیے گئے تھے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ آئی سی ایم آر مزید جانچ کٹس حاصل کررہا ہے۔ انھوں نے کہا ’’توقع ہے کہ 37 لاکھ ریپڈ ٹیسٹنگ کٹس کی کھیپ بہت جلد پہنچے گی۔‘‘
مرکز نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے درمیان غریبوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے پردھان منتری غریب کلیان پیکیج پر عمل درآمد کی اعلی سطح پر نگرانی کی جارہی ہے۔ وزارت خزانہ کے عہدیدار راجیش ملہوترا نے پریس بریفنگ میں کہا ’’پیکیج کے تحت 32 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو 29،352 کروڑ روپیے کی براہ راست نقد امداد دی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کسان اسکیم کے تحت پہلی قسط کے طور پر سات کروڑ سے زائد کسانوں کو 14،946 کروڑ روپیے منتقل کردیے گئے ہیں۔