کوویڈ 19: مہاراشٹر بی جے پی کے ایم ایل اے نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی، سالگرہ جشن منایا
ممبئی، اپریل 5: اتوار کے روز مہاراشٹر کے وردھا ضلع سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ایم ایل اے نے مبینہ طور پر اپنی سالگرہ کے موقع پر لوگوں کو ان کی رہائش گاہ پر راشن تقسیم کرکے لاک ڈاؤن اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ کورونا وائرس کے درمیان تمام معاشرتی فاصلے کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد مفت اناج حاصل کرنے کے لیے ایم ایل اے داداراؤ کیچے کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے۔
سب ڈویژنل آفیسر ہریش دھرمک نے بتایا کہ لاک ڈاؤن ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر کیچے پر وبائی امراض ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایم ایل اے نے اس پروگرام کے انعقاد کے لیے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی۔
لیکن کیچے نے واقعے کی تردید کی اور کہا کہ یہ ان کے مخالفین کی جانب سے ان کے خلاف ’’سیاسی سازش‘‘ ہے۔ تاہم کیچے نے ان سیاسی مخالفین کی شناخت نہیں کی جنھوں نے ان کے خلاف ’’سازش‘‘ کی۔
کیچے نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’میں نے صرف 21 مزدوروں کو مدعو کیا تھا، جو کورونا وائرس کی وجہ سے اپنا روزگار کھو چکے ہیں۔ اور ان کو اناج تقسیم کیا۔ اس کے بعد میں صبح گیارہ بجے کے قریب اپنے گرو بھکارم بابا سے آشتہ میں ملنے گیا تھا۔ لیکن میرے سیاسی مخالفین نے صورت حال سے فائدہ اٹھایا۔ جب مجھے اطلاع ملی تو میں فوراً واپس آیا اور پولیس کی مدد سے مجمع کو منتشر کردیا۔‘‘
وردھا کے کلکٹر ویویک بھیمنور نے کہا کہ ایم ایل اے نے اس تقریب کے لیے کوئی اجازت نہیں لی تھی، لیکن وہ خون کا عطیہ کرنے والا کیمپ لگانا چاہتا تھا، جس کی اجازت نہیں تھی۔ انھوں نے بتایا ’’جیسے ہی پولیس کو ان کی رہائش گاہ پر ہجوم کے بارے میں اطلاع ملی، وہ حرکت میں آگئی اور ہجوم کو منتشر کردیا۔‘‘ وردھا پولیس نے کیچے کے اس دعوے کو بھی بے بنیاد قرار دیا کہ یہ واقعہ پیش آنے پر وہ اپنی رہائش گاہ پر نہیں تھے۔
مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس کے 532 معاملات درج ہوئے ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ہیں، جب کہ ریاست میں 24 افراد کی موت ہوئی ہے۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق ملک بھر میں 3،577 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 83 افراد کی موت ہوئی ہے۔