کوویڈ-19: ممبئی کا ایک اسپتال 26 نرسوں اور تین ڈاکٹروں کے متاثر پائے جانے کے بعد کنٹینمنٹ زون میں تبدیل
ممبئی، اپریل 6: ممبئی مرر کے مطابق برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی سنٹرل کے ووکارڈ اسپتال کو ایک کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا ہے، جہاں 26 نرسوں اور تین ڈاکٹروں نے ایک ہفتے کے عرصے میں کوویڈ 19 کے لے مثبت تجربہ کیا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ کسی کو بھی اس وقت تک اسپتال میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ ہر متاثرہ شخص مسلسل دو بار منفی ٹیسٹ نہ کرلے۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر سریش کاکانی نے بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کے لیے ایگزیکیٹو ہیلتھ آفیسر کے ماتحت ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے کہ اسپتال میں اتنے لوگوں میں انفیکشن کیسے پھیل گیا۔ انھوں نے کہا ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ معاملات کی اتنی بڑی تعداد ایک طبی جگہ سے سامنے آئی ہے۔ انھیں احتیاط برتنی چاہیے تھی۔‘‘
حکام نے اسپتال کے 270 سے زائد عملے اور مریضوں کو ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا ہے۔ اگریپاڑا پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ساولارام انگوانے نے بتایا کہ وہاں نقل و حرکت کو روکنے کے لیے ایک افسر اور دو کانسٹیبل تعینات کردیے گئے ہیں۔
اسپتال کے ایک ترجمان نے کہا ’’ہمارے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایمرجنسی سروسز بند ہیں اور وہاں داخلے نہیں ہوں گے۔‘‘ لیکن اس بارے میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی کہ اتنے افراد کیسے متاثر ہوئے۔ دل کا دورہ پڑنے والے 70 سالہ مریض کا 27 مارچ کو مثبت تجربہ ہوا۔ مریض کو دیکھنے والی دو نرسیں اس میں مبتلا پائی گئیں۔ اس کے بعد بہت ساری نرسیں بیمار ہوگئیں اور کوویڈ-19 کا مثبت تجربہ کیا۔ متاثرہ دو ڈاکٹروں کو سیون ہلز اسپتال اور ایک کو ایس ایل راہیجا اسپتال، ماہم میں داخل کیا گیا ہے۔
ووکارڈ اسپتال کے عملے نے الزام عائد کیا ہے کہ انفیکشن اسے لیے پھیلا کیوں کہ اسپتال نے ان دو نرسوں کو قرنطینہ میں نہیں ڈالا جنھوں نے ابتدائی طور پر اس کا مثبت تجربہ کیا تھا۔ یونائیٹڈ نرسز ایسوسی ایشن نے کہا کہ علامات سامنے آنے تک ان کی جانچ نہیں کی گئی اور انھیں شفٹوں سے نہیں ہٹایا گیا۔ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ذاتی تحفظ کا سامان بھی مہیا نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم اسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس کے 532 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ معاملات ممبئی سے آرہے ہیں۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق پورے ملک میں کوویڈ 19 کے 4،067 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 109 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔