کورونا وائرس: 47،000 سے زیادہ نئے معاملات کے ساتھ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 14.83 لاکھ ہوئی

نئی دہلی، 28 جولائی: ہندوستان میں گذشتہ ایک دن میں کورونا وائرس کے 47،703 تازہ معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 14.83 لاکھ سے زیادہ ہو گئی، جب کہ 654 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 33،425 کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔

تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں متاثرین کی کل تعداد 14،83،156 تک پہنچ گئی ہے، جس میں سے 33،425 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، 9،52،743 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور فعال مریضوں کی کل تعداد 4،96،988 ہے۔

ملک میں متاثرین کی صحت یابی کی شرح 63.92 فیصد ہوگئی ہے۔

قومی دارالحکومت میں یک روزہ اضافے میں 613 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ریاست میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1.3 لاکھ سے زیادہ ہے، جن میں سے 10،994 فعال ہیں، جب کہ 1،16،372 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دار الحکومت میں 3,853 اموات ہوئی ہیں۔

وہیں جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے معاملات کی مجموعی تعداد 16.4 ملین ہوگئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 652،000 سے زیادہ ہے۔