کورونا وائرس: ہندوستان میں متاثرین کی تعداد 12 لاکھ کے قریب پہنچی، گذشتہ ایک دن میں سامنے آئے 37،000 سے زیادہ نئے معاملات
نئی دہلی، جولائی 22: ہندوستان میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 37،724 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 11،92،915 ہوگئی۔
وہیں 648 مزید اموات کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی تعداد بھی 28،732 تک جا پہنچی ہے۔
دریں اثنا دہلی ہوائی اڈے نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے اپنے اخراجات پر 7 روزہ ادارہ جاتی قرنطینہ کا اعلان کیا۔ بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں اور دہلی این سی آر میں قیام کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کو ہوائی اڈے کے صحت کے عہدیداروں کے ذریعے لازمی طور پر ابتدائی صحت کی جانچ پڑتال کرانی ہوگی۔
اس کے بعد دہلی حکومت کے ذریعے سیکنڈری اسکریننگ ہوگی، جس کے بعد انھیں قومی دارالحکومت میں منظور شدہ قرنطینہ مرکز پر جانے کی اجازت ہوگی۔
وہیں جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کی تعداد اب 1.48 کروڑ سے زیادہ ہے اور اموات کی تعداد 6.15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وہیں اب تک 84.29 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔