کورونا وائرس: گذشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے 3،900 نئے معاملات، مجموعی تعداد 46،433 ہوئی

نئی دہلی، مئی 5: وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3،900 افراد کا اضافہ ہوا، جو ایک دن میں نئے کیسوں کا تازہ ترین ریکارڈ ہے، جس سے ملک بھر میں انفیکشن کی مجموعی تعداد 46،433 ہوگئی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں 195 اموات کی اطلاع کے بعد اموات کی تعداد بھی 1،568 ہو گئی۔ وہیں 1،020 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہوئے۔

اب تک مجموعی طور پر 12،726 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے 25 مارچ کو ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگائے جانے کے بعد پہلی بار پابندیوں میں نمایاں طور پر نرمی آنے کے ایک دن بعد نئے واقعات اور اموات میں بڑا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ڈیش بورڈ کے مطابق عالمی سطح پر کوویڈ 19 کی وجہ سے ساڑھے تین ملین سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 251،510 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔