کورونا وائرس: گذشتہ روز 9،996 نئے معاملات اور 357 اموات کے ساتھ کورونا متاثرین میں سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہوا
نئی دہلی، 11 جون: وزارت صحت کے مطابق آج ہندوستان میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی تعداد 2.86 لاکھ کو عبور کرگئی۔ گذشتہ دن سب سے بڑا یک روزہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جب 9،996 نئے معاملات سامنے آئے اور 357 تازہ اموات ہوئیں۔
مجموعی طور پر ہندوستان بھر میں اب متاثرین کی تعداد 2،86،579 ہوگئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 8،102 تک جا پہنچی۔ ہندوستان اب دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
وہیں ملک میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد فعال مریضوں سے آگے بڑھ گئی ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے قومی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس بحران کے درمیان بدھ کے روز وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اب تک شہر میں 32،810 واقعات اور 984 اموات کی اطلاع ملی ہے۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 73.56 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور اب تک 4.16 لاکھ سے زیادہ افراد کی جانیں لی ہیں۔ تاہم 34.51 لاکھ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔