کورونا وائرس: وزیر اعظم مودی کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، دہلی کے وزیر اعلی نے لوگوں سے ساتھ دینے کی اپیل کی

نئی دہلی، مارچ 23: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ ملک کے تقریباً اضلاع میں لاک ڈاؤن کو بہت سے لوگ سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کریں۔ اتوار کے روز مرکز نے ریاستوں سے مناسب احکامات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ لاک ڈاؤن اضلاع میں صرف ضروری خدمات کے انجام دہی کی ہی اجازت ہو۔

وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ’’بہت سے لوگ ابھی بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ براہ کرم خود کو بچائیں، اپنے کنبہ کو بچائیں اور ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کریں۔ میں ریاستی حکومتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قواعد و ضوابط پر عمل کروائیں۔‘‘

 

دہلی میں پیر کی صبح 6 بجے سے 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی شہریوں پر زور دیا کہ وہ ’’COVID-19 کے خلاف اس لڑائی میں شامل ہوں۔‘‘ انھوں نے ٹویٹ کیا ’’دہلی میں لاک ڈاؤن آج سے شروع ہو رہا ہے۔ میرے پیارے دہلی والو! فضائی آلودگی کے خلاف جنگ میں جب بھی طاق-جفت کا نفاذ ہوا تو آپ پریشانیوں کا سامنا کرنے کے باوجود اس میں شامل ہوئے۔ آپ نے ڈینگو کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر مہم میں حصہ لیا۔ مجھے یقین ہے اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے آپ کوویڈ 19 کے خلاف لاک ڈاؤن میں بھی حصہ لیں گے اور اس لڑائی کو جیتیں گے۔‘‘

 

اسی دوران مرکزی وزارت صحت نے قومی دارالحکومت میں وائرس کے 29 واقعات کی تصدیق کی ہے، جن میں سے ایک غیر ملکی مسافر ہے۔ ان معاملات میں سے پانچ افراد اس مرض سے بازیاب ہوئے ہیں اور ایک 68 سالہ خاتون 13 مارچ کو فوت ہوگئی۔ وہیں مرکز کے مطابق ملک میں وائرس کے 390 تصدیق شدہ واقعات ہیں، جن میں سے 359 سرگرم ہیں۔

تاہم انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق پیر تک مجموعی طور پر 415 افراد متاثر ہوئے ہیں۔