کورونا وائرس: وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی تعداد 4789 ہوگئی، 124 ہلاکتیں

نئی دہلی، اپریل 7: آج شام وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس کا بحران مزید گہرا ہوتا جارہا ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4789 ہوگئی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 124 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں علاج کے بعد صحت مند ہونے کے بعد 353 افراد کو فارغ کر دیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 13 افراد کی موت ہوئی ہے، جب کہ 508 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

اس کے علاوہ حکومت سے وابستہ اعلی ذرائع نے منگل کے روز کہا کہ ’’بہت سی ریاستی حکومتوں اور ماہرین‘‘ نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ 14 اپریل کو ختم ہونے والے 21 دن کے لاک ڈاؤن میں توسیع کرے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں کی اس اپیل پر غور کررہی ہے۔ پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ لوگوں کو لمبی لڑائی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ کابینہ کے اجلاس میں انھوں نے وزرا سے "درجہ بند اسکیم” لانے کی اپیل بھی کی تھی۔