کورونا وائرس: وازرت صحت کے مطابق متاثرین کی تعداد 4421 ہوئی، اموات 114 تک جا پہنچیں

نئی دہلی، اپریل 7: منگل کی صبح وزارت صحت نے بتایا کہ ہندوستان بھر میں 114 کوویڈ 19 سے متعلق اموات کی اطلاع ہیں۔ وہیں 354 نئے کورونا وائرس معاملات کے ساتھ مجموعی متاثرین کی تعداد 4421 تک جا پہنچی ہے۔

صبح 9 بجے کے وزارت صحت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جب ملک بھر میں 3981 فعال معاملات ہیں، جب کہ 325 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے پیر کو کہا تھا کہ ہندوستان میں کوویڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی 109 اموات میں سے 60 سال سے زیادہ عمر کے 63 فیصد افراد شامل ہیں۔ انھوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذیابیطس جیسے پہلے سے موجود مرض انفیکشن کو اور مہلک بنا دیتے ہیں۔

وزارت صحت نے 4067 کیسوں اور 109 اموات کے تجزیے کی بنیاد پر ملک میں کورونا وائرس کے امراض اور اموات سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے تھے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے اور کوویڈ 19 کی وجہ سے خواتین کے مقابلے میں زیادہ مرد مرتے ہیں۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی سربراہی میں وزرا کا گروپ (جی او ایم) منگل کو نئی دہلی میں ملاقات کرے گا، جس میں دیگر امور پر تبادلۂ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر بھی غور کیا جائے گا کہ کیا کورونا وائرس کے سلسلے کو توڑنے کے لیے 21 دن کے لاک ڈاؤن کو توسیع دی جانی چاہیے۔

وزرا اور سینئر بیوروکریٹس نے کہا کہ وزرا کی میٹنگ میں وبائی امراض کے بارے میں ہندوستان کے رد عمل کے مختلف پہلوؤں کو سنبھالنے کے لیے تشکیل دیے گئے 11 بااختیار گروپوں کی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس میٹنگ میں شریک ہوں گے۔