کورونا وائرس: مودی نے وزراے اعلی سے کہا کہ پھیلاؤ کی شرح کو کم کریں اور آہستہ آہستہ عوامی سرگرمیاں بڑھائیں
نئی دہلی، مئی 12: پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے پانچویں ملاقات کی، جس میں ملک گیر لاک ڈاؤن سے مرحلہ وار اخراج کے لیے حکمت عملی پر توجہ دی گئی۔ مودی نے وزراے اعلیٰ سے کہا کہ وہ 15 مئی تک ایک منصوبہ فراہم کریں کہ ان کی ریاستیں 17 مئی کے بعد لاک ڈاؤن سے نمٹنے کے لیے کس طرح کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم دفتر کے مطابق مودی نے کہا کہ حکمت عملی کی توجہ کا مرکز ٹرانسمیشن کی شرح کو کم کرنا اور عوامی سرگرمیوں کو بتدریج بڑھانا ہے۔ انھوں نے وزرائے اعلیٰ سے کہا ’’میں پختہ خیال رکھتا ہوں کہ دوسرے مرحلے کے دوران لاک ڈاؤن مین پہلے مرحلے والے اقدامات کی ضرورت نہیں تھی اور اسی طرح چوتھے مرحلے میں بھی ان اقدامات کی ضرورت نہیں ہے، جن کی ضرورت تیسرے مرحلے میں تھی۔‘‘
واضح رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد سے مودی کی وزراے اعلیٰ کے ساتھ یہ پانچویں ملاقات تھی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے 25 مارچ کو پہلا لاک ڈاؤن نافذ ہوا تھا، جس میں توسیع کے بعد اسے 3 مئی کو ختم ہونا تھا، تاہم اب یہ ایک اور توسیع کے بعد 17 مئی کو ختم ہوگا۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چھ گھنٹے جاری رہنے والی اس میٹنگ کا آغاز سہ پہر تین بجے ہوا اور اس میں معیشت کی بحالی پر بھی توجہ دی گئی۔ اس ملاقات کے دوران تمل ناڈو، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلی نے ریلوے خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ محدود ریل خدمات منگل کو دوبارہ شروع ہوں گی۔
مودی نے وزراے اعلیٰ سے کہا کہ دنیا نے کورونا وائرس کے بنیادی طور پر خود کو تبدیل کر لیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے اس نے عالمی جنگوں کے بعد کیا تھا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہر ایک کو ’’نئی حقیقت‘‘ کے لیے منصوبہ بنانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب تک کوویڈ 19 کو کوئی ویکسین نہیں مل جاتی، تب تک اس وبائی مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کا بہترین طریقہ جسمانی فاصلہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گھریلو سیاحت کے امکانات دیکھتے ہیں، لیکن ایسے معاہدے پر کام کرنا ہوگا۔