کورونا وائرس: ملک میں انفیکشن کے پھیلاؤ کا اندازہ لگانے کے لیے آئی سی ایم آر گھریلو سطح پر سروے شروع کرے گا
نئی دہلی، مئی 13: منگل کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستانیوں میں کوویڈ 19 انفیکشن کے پھیلاؤ کا اندازہ لگانے کے لیے گھریلو سطح پر اینٹی باڈی ٹیسٹ شروع کرے گا۔ سروے میں 24،000 بالغ افراد شامل ہوں گے، جنھیں اضلاع کے چار طبقات میں یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔
میڈیکل باڈی نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ یہ مشق محکمۂ صحت اور خاندانی بہبود کے شعبے، مرکز اور بیماریوں کو قابو کرنے کے قومی مرکز کے تعاون سے کی جائے گی۔ اس کو عالمی ادارۂ صحت سمیت ریاستی محکمۂ صحت کے محکموں اور کلیدی اسٹیک ہولڈرز کی بھی مدد ملے گی۔
آئی سی ایم آر کے محقق ڈاکٹر ترون بھٹناگر نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’یہ بالغوں کا گھریلو سطح کا سروے ہے جس میں ملک بھر میں انفیکشن کی موجودگی کو باقاعدہ طور پر معاملات کی رپورٹنگ سے قطع نظر منظم انداز میں تلاش کرنا ہے۔ یہ آئی جی جی اینٹی باڈیوں کی موجودگی کی تلاش کرے گا جو عام طور پر انفیکشن کے بعد دس سے چودہ دن بعد ظاہر ہوتا ہے۔‘‘
میڈیکل باڈی کا کہنا ہے کہ یہ سروے 21 ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے 69 اضلاع میں کیا جائے گا۔ ہر ضلع میں دس کلسٹروں میں 400 بے ترتیب گھرانوں میں ایک بالغ فرد کوویڈ 19 اینٹی باڈی کے لیے ٹیسٹ کیا جائے گا، جسے "سیرو سروے” کہا جاتا ہے۔
اس ٹیسٹ کے نتیجے میں یہ معلوم ہوگا کہ کیا اس نے انفیکشن کے خلاف اینٹی باڈیز تیار کی ہیں اگرچہ وہ غیر مرض کی علامت ہیں یا ہلکے علامات دکھاتے ہیں۔ امیونوگلوبلین جی یا آئی جی جی ایک عام قسم کا اینٹی باڈی ہے، جو جسم کو انفیکشن سے بچاتا ہے۔
ایک نامعلوم عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ مشق اس بات کا پتہ لگانے میں مدد کرے گی کہ کیا ان علاقوں میں بیماری کی کمیونٹی ٹرانسمیشن ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے مزید کہا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کا ارادہ یہ تھا کہ وہ چین سے خریدی گئی کوویڈ 19 کے لیے تیز رفتار اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کٹس سے اس مطالعے کا آغاز کرے گا، لیکن ان کٹس کے کچھ معاملات میں غلط نتائج ظاہر ہونے کے بعد اسے ملتوی کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مرکزی وزارت صحت تمام اضلاع میں انفیکشن کے رجحان کی نگرانی کے لیے اسپتال پر مبنی نگرانی بھی شروع کرے گی۔
وہیں آج صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 74،281 ہوگئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3،525 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ وہیں اموات کی تعداد 2،415 تک پہنچ گئی۔