کورونا وائرس: مرکز نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے روہنگیا مہاجرین کی شناخت اور ان کی اسکریننگ کرنے کو کہا
نئی دہلی، اپریل 18: وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے دائرۂ اختیار میں روہنگیا پناہ گزینوں کی کوویڈ 19 اسکریننگ کروائیں کیوں کہ خدشہ ہے کہ ان میں سے متعدد افراد نے دہلی کے نظام الدین میں گذشتہ ماہ تبلیغی جماعت میں شرکت کی ہو گی۔
وزارت نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں میں سے جو حیدرآباد کے کیمپوں میں مقیم ہیں، انھوں نے ہریانہ کے نوح ضلع میں تبلیغی جماعت کے ’’اجتماع‘‘ میں شرکت کی تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان میں سے کچھ نظام الدین تقریب میں بھی موجود تھے۔
اس نوٹیفکیشن میں روشنی ڈالی گئی ہے کہ دہلی کے شرم وہار اور شاہین باغ کے محلوں میں رہنے والے پناہ گزین، جو تبلیغی جماعت کے اجتماعات کے لیے گئے تھے، اپنے کیمپوں میں واپس نہیں آئے۔ وزارت نے ڈیرہ باسی شہر، پنجاب اور جموں و کشمیر کے علاقے جموں میں روہنگیا مسلمانوں کی موجودگی کے بارے میں رپورٹس کا حوالہ دیا، جو تبلیغی جماعت میں شرکت کے بعد وہاں پہنچے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے ’’لہذا روہنگیا مسلمانوں اور ان کے رابطوں کی کوویڈ 19 اسکریننگ کی ضرورت ہوگی۔ اسی مناسبت سے اس سلسلے میں ترجیحی طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔‘‘ وزارت نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں 40،000 کے قریب روہنگیا پناہ گزین ہیں۔
مارچ میں آٹھ روہنگیا مسلمانوں کو جموں میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، کیوں کہ انھوں نے نظام الدین جماعت میں شرکت کی تھی۔