کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12000 کے قریب پہنچی
نئی دہلی، جون 17: مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10،968 نئے معاملات سامنے آئے اور 2،003 اموات درج کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں اب کورونا وائرس کے معاملات کی مجموعی تعداد 3،54،065 تک جا پہنچی ہے اور 11،903 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت نے بدھ کے روز برطانیہ کی جانب سے ابتدائی طبی جانچ کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیکسامیتھاسن دوا شدید بیمار مریضوں کی زندگی کی حفاظت میں کامیاب ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے سربراہوں کے ساتھ اپنی دو روزہ ویڈیو کانفرنس آج بھی جاری رکھیں گے۔ وہ آج ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کے سربراہوں کے ساتھ بات کریں گے۔
وہیں جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب تک 81.53 لاکھ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور 4.41 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبائی بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔