کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اسٹیچو آف یونیٹی کو او ایل اکیس پر 30،000 کروڑ روپیے میں فروخت کے لیے پیش کیا، مقدمہ درج
احمد آباد، اپریل 6: گجرات پولیس نے ریاست میں نامعلوم شخص کے خلاف آن لائن مارکیٹ پلیس او ایل ایکس پر دنیا میں سب سے اونچے مجسمے اسٹیچو آف یونیٹی کو ملک میں پھیلتے کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کے لیے 30،000 کروڑ میں فروخت کرنے کا اشتہار دینے کے لیے مقدمہ درج کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بیچنے والے نے پورے ہندوستان کے اسپتالوں میں فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مناسب حفاظتی پوشاک کی کمی پر طنز کیا ہے۔
ویب سائٹ میں درج اشتہار کی تفصیل میں لکھا گیا ہے ’’ایمرجنسی! ہسپتالوں اور صحت کی دیکھ بھال کے سازوسامان کے لیے فوری طور پر ضروری رقم کی وجہ سے اسٹیچو آف یونیٹی فروخت کر رہا ہوں‘‘۔ اصل لسٹنگ کو بعد میں کمپنی نے حذف کر دیا۔
تقریباً 3000 کروڑ روپیے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا اسٹیچو آف یونیٹی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے لیے وقف کیا گیا ہے۔ اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے نرمدا ضلع میں 2018 میں کیا تھا۔
اسٹیچو آف یونیٹی کے اسسٹنٹ کمشنر نلیش دوبے کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے ’’نامعلوم شخص، جس نے حکومت کو بدنام کرنے کے مذموم ارادے کے ساتھ، اس کا مجاز نہ ہونے کے باوجود اسٹیچو آف یونیٹی کو او ایل ایکس پر فروخت کے لیے پیش کردیا تھا۔ یہ افسوس ناک ہے کہ آن لائن مارکیٹ پلیس او ایل اکیس نے اس پوسٹ کی تصدیق نہیں کی اور اسے منظوری دے دی۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کے اشتہار سے پٹیل کے ماننے والے کئی کروڑ لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انسپکٹر پی ٹی چودھری نے کہا ’’ایک اخبار کے ایک مضمون لکھنے اور پولیس سے رجوع کرنے کے بعد اسٹیچو کے حکام کو اس معاملے کا علم ہوا۔‘‘
انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے ساتھ ساتھ ہندوستانی تعزیرات ہند کی دفعہ 505 (کسی بھی طرح کی افواہوں کو شائع کرنا، گردش کرنا)، 417 (دھوکہ دہی)، 469 (جعل سازی) کے تحت نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔