کورونا وائرس: انڈمان اینڈ نکوبار کے دس متاثرہ افراد دہلی کے اسپتال میں صحت یاب
نئی دہلی، اپریل 10: پچھلے مہینے نئی دہلی میں تبلیغی جماعت میں شرکت کے بعد انڈمان اور نکوبار سے تعلق رکھنے والے دس افراد، جنھوں نے کورونا وائرس کا مثبت تجربہ کیا تھا، دہلی میں صحت یاب ہو گئے ہیں۔
مریضوں کو 24 مارچ کو دہلی سے پورٹ بلیئر تک کولکاتا کے راستے مختلف پروازوں میں سفر کرنا تھا۔ تاہم کورونا وائرس کے علامات کی وجہ سے انھیں ائیر پورٹ سے دہلی کے ایک اسپتال میں واپس بھیج دیا گیا تھا۔ نامعلوم عہدیداروں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس عرصے کے دوران، ان میں سے کسی کا بھی مقامی لوگوں سے رابطہ نہیں ہوا۔
ایک نامعلوم صحت اہلکار نے بتایا ’’انھوں نے اب منفی تجربہ کیا ہے اور انھیں فارغ کرنے سے پہلے جلد ہی گووند بلبھ پنت اسپتال سے، جہاں ان کا علاج جاری تھا، ایک قرنطینہ مرکز میں منتقل کردیا جائے گا۔‘‘ عہدیدار نے مزید بتایا کہ قرنطینہ کی سہولت دہلی کے ایک ہوٹل میں قائم کی گئی ہے، جہاں انھیں 14 دن تک تنہائی میں رکھا جائے گا۔
دریں اثنا پورٹ بلیئر کی ایک خاتون بھی، جس نے رواں ہفتے کے اوائل میں مثبت تجربہ کیا تھا، اسی اسپتال میں صحت یاب ہو رہی ہے۔ وہ آج کے دن تک جزیرے کی واحد متاثرہ شخص تھیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ خاتون 24 مارچ کو کولکاتا سے پورٹ بلیئر جانے والی پروازوں میں سے ایک میں تھی۔
جزیزہ انڈمان اینڈ نکوبار میں اب تک 11 کورونا وائرس کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں کسی کی بھی موت نہیں ہوئی ہے۔ جمعہ کی صبح تک وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں کل تصدیق شدہ کیس 6،412 ہیں۔ ملک میں کل کیسوں میں سے 199 مریض فوت ہوچکے ہیں اور 5،709 زیر علاج ہیں۔