کورونا وائرس: اس سال اوڈیشہ کے ضلع پوری میں کوئی رتھ یاترا نہیں ہوگی، سپریم کورٹ نے دیا حکم
نئی دہلی، جون 18: لائیو لا ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے آج یہ حکم دیا ہے کہ اوڈیشہ کے پوری شہر میں جگن ناتھ مندر میں سالانہ رتھ یاترا اور اس سے متعلقہ تقریبات کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے حفاظتی خدشات کے باعث نہیں ہوں گی۔
چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے 23 جون کو شروع ہونے والی رتھ یاترا کے التوا کی درخواست کی سماعت کے دوران کہا ’’بھگوان جگن ناتھ ہمیں معاف نہیں کریں گے اگر ہم نے رتھ یاترا کی اجازت دی۔‘‘
انھوں نے کہا کہ اس سال رتھ یاترا کو صحت عامہ کے مفاد میں روکنے کا حکم دیا جا رہا ہے۔
اعلی عدالت نے یہ حکم اوڈیشہ وکاس پریشد نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے دائر درخواست کی بنیاد پر منظور کیا۔ غیر سرکاری تنظیم نے درخواست میں کہا تھا کہ اگر یہ یاترا منعقد کرنے کی اجازت دی گئی تو یہ صحت عامہ کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہوگا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق درخواست میں کہا گیا کہ رتھ یاترا ’’لاکھوں عقیدت مندوں کو کوویڈ 19 سے متاثر کرنے کی دعوت ہوگی۔‘‘
اوڈیشہ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے بھی تجویز پیش کی کہ انفیکشن کے خطرے سے بچنے کے لیے تہواروں کو روکا جانا چاہیے۔
وزارت صحت اور عوامی بہبود کے اعداد و شمار کے مطابق اوڈیشہ میں اب تک 4،338 کورونا وائرس کے کیسز اور 11 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔