کورونا وائرس: آکسفورڈ ویکسین کی تیسرے مرحلے کی آزمائش اگلے ہفتے پونے میں شروع ہوگی
پونے، ستمبر 20: آکسفورڈ ویکسین کے تیسرے مرحلے کی انسانی طبی آزمائش کا آغاز اگلے ہفتے پونے کے ساسون جنرل اسپتال میں ہوگا۔
ساسون جنرل ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر مرلی دھر تمبے نے ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔
انھوں نے کہا ’’کوویشیلڈ ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل اگلے ہفتے سے ساسون کے اسپتال میں شروع ہوں گے۔ اس کا آغاز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ کچھ رضاکار پہلے ہی اس تجربے کے لیے آگے آ چکے ہیں۔ تقریباً 150 سے 200 رضاکاروں کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔‘‘
انھوں نے کہا ’’ہفتے کے روز سے اسپتال نے ٹرائل کے لیے رضاکاروں کا اندراج کرنا شروع کر دیا ہے۔ جو لوگ ویکسین کی خوراک لینے کے لیے رضاکارانہ طور پر راضی ہیں وہ اسپتال سے رابطہ کریں۔‘‘
واضح رہے کہ آکسفورڈ ویکسین کے دوسرے مرحلے کے ٹرائل شہر میں واقع بھارتی یونی ورسٹی اور میڈیکل کالج اور کے ای ایم اسپتال میں کیا گیا تھا۔
آکسفورڈ یونی ورسٹی کی ویکسین تیار کرنے کے لیے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے برطانوی سویڈش فارما کمپنی آسٹرازینیکا کے ساتھ شراکت کی ہے۔
11 ستمبر کو ایک ’’غیر واضح‘‘ بیماری کی وجہ سے عارضی طور پر اس ویکسین کے ٹرائل روک دیے گئے تھے تاہم 15 ستمبر کو ڈی سی جی آئی نے ایس آئی آئی کو ویکسین کا کلینیکل ٹرائل دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی۔