کم از کم دیوتاؤں کو سیاست سے دور رکھیں

تروپتی بالا جی مندر پرساد میں ملاوٹ کے معاملے میں سپریم کورٹ کی تمام فریقوں سے گزارش،وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے بیان پر سرزنش

نئی دہلی، 30 ستمبر:

سپریم کورٹ نے تروپتی مندر میں لڈو میں مبینہ ملاوٹ کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کم از کم دیوتاؤں کو سیاست سے دور رکھیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جو رپورٹ منظر عام پر آئی ہے وہ جولائی کی ہے، لیکن وزیر اعلیٰ ستمبر میں اس سے متعلق بیان دے رہے ہیں۔اس حوالے سے سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ کی سرزنش بھی کی اور ان کے بیان پر سوال اٹھائے۔ پرسادم کیس کی جانچ صرف ریاستی حکومت کی تشکیل کردہ ایس آئی ٹی کرے گی یا تحقیقات کسی اور ایجنسی کو سونپی جائے گی،  عدالت عظمیٰ 3 اکتوبر کو اپنا حکم دے سکتی ہے۔

اس موقع پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا ہے کہ کیا ریاستی حکومت کی ایس آئی ٹی کافی ہے یا کسی آزاد ایجنسی کو نئی جانچ کرنی چاہئے۔عدالت نے کہا کہ اس رپورٹ کو دیکھ کر یہ واضح نہیں ہوتا ہے کہ اس میں مبینہ ملاوٹ شدہ گھی لڈو پرساد میں استعمال کیا گیا تھا یا نہیں؟ عدالت نے مندر انتظامیہ سے پوچھا کہ کیا جس نمونے میں ملاوٹ پائی گئی تھی وہ پرسادم بنانے میں استعمال کیا گیا تھا۔ تب مندر انتظامیہ کے وکیل نے کہا کہ اس کی چھان بین کرنی پڑے گی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ جب تحقیقات چل رہی تھی تو اس بات کا ثبوت کہاں ہے کہ پرساد کے لڈو بنانے میں ملاوٹ شدہ گھی کا استعمال کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سوال کیا  اور وزیر اعلیٰ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت نے تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے تو پھر ایس آئی ٹی کو کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے وزیر اعلیٰ کو پریس میں بیان دینے کی ضرورت کیا تھی؟ سپریم کورٹ نے کہا کہ آئینی عہدوں پر فائز لوگوں سے ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔ اگر آپ کو تحقیقات کے نتائج پر یقین نہیں تھا تو آپ نے بیان کیسے دیا؟ اگر آپ پہلے ہی بیان دے رہے ہیں تو تحقیقات کا کیا فائدہ ہے۔

بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی اور دیگر درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ درخواست میں معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، کیونکہ اس کے الزام سے عقیدت مندوں میں انتشار پیدا ہوا ہے۔ عرضی میں  تروپتی ترومالا میں لڈو میں غیر معیاری اجزاء اور جانوروں کی چربی کے مبینہ الزامات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی مانگ کی گئی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ مندر میں پرساد کے معیار کو اندرونی طور پر چیک کیا جانا چاہیے۔ درخواست میں مندر میں پرساد بنانے میں استعمال ہونے والے گھی جیسی اشیاء کے نمونوں کے ماخذ کی تحقیقات کے لیے رہنما خطوط جاری کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں آندھرا پردیش حکومت سے تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ طلب کی جائے۔