کسی کو جائیداد چھیننے کا حق نہیں ہے
وقف ترمیمی قانون کے خلاف مغربی بنگا ل میں جاری مظاہروں کے درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا مسلمانوں کو وقف تحفظ کی یقین دہانی

نئی دہلی ،کولکاتہ، 9 اپریل :۔
ملک میں وقف ترمیمی ایکٹ نافذ ہو چکا ہے۔مگر اس قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ایک طرف سپریم کورٹ میں درجنوں عرضی داخل کر کے اس قانون کی منسوخی کا مطالبہ کیا گیا ہے وہیں کیرل ،اور مغربی بنگال سمیت متعدد ریاستوں میں مسلم تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ بعض مقامات پر احتجاج پر تشدد ہو گیا ہے۔ مغربی بنگال کے جنگی پور میں بھی تشدد پھوٹ پڑا۔ دریں اثنا، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس وقف قانون پر بیان دیا۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکاتہ میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ کسی کو ہماری جائیداد چھیننے کا حق نہیں ہے۔ جیسے مجھے بھی دوسروں کی جائیداد لینے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دیدی ہیں آپ کی جائیداد بالکل محفوظ ہے۔
ممتا بنرجی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب نئے وقف قانون کو لے کر ریاست میں تشدد ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر بہت ساری جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں لیکن ہم آپ کو ہر خبر کی سچائی کی تصدیق کے بعد ہی درست معلومات فراہم کرتے ہیں۔اس دوران انہوں نے بی جے پی کی نفرت کی سیاست پر شدید حملہ کیا اور خود کو تمام مذاہب کا احترام کرنے والا بتا یا۔
دوسری جانب مرشد آباد ضلع میں وقف ترمیمی قانون پر تشدد کے بعد حالات اب پرامن ہیں۔ بدھ کو ضلع میں کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ رگھوناتھ گنج اور سوتی تھانے کے علاقوں میں انڈین سول ڈیفنس کوڈ کی دفعہ 163 کے تحت امتناعی احکامات نافذ ہیں۔ حساس علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
کسی بھی قسم کی گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جنگی پور سب ڈویژن علاقے میں انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کرفیو 10 اپریل (جمعرات) کی شام 6 بجے تک جاری رہے گا اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی 11 اپریل (جمعہ) کی شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی دوپہر مرشد آباد کے جنگی پور علاقے میں NH-12 پر وقف ترمیمی قانون کے خلاف بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ اس دوران حالات کشیدہ ہو گئے تھے اب علاقے میں پولیس کا مکمل کنٹرول ہے۔