کسانوں کا پنجاب بند،ریلوے ٹریک پر کسان بیٹھے،متعدد ٹرینیں منسوخ
نئی دہلی،30 دسمبر :۔
ہریانہ اور پنجاب میں کسان اپنے مطالبات کو لے کر طویل عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں، اسی دوران کسانوں نے 30 دسمبر کو پنجاب بند کی کال دی تھی۔ پنجاب بند کے تحت احتجاجی کسانوں نے ریاست میں کئی مقامات پر سڑکیں بلاک کر دی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے اور بند کا اثر واضح طور پر نظر آیا ۔
مرکزی کسان مورچہ (ایس کے ایم) (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ نے گزشتہ ہفتے بند کی کال دی تھی جب مرکز نے احتجاجی کسانوں کے مطالبات تسلیم نہیں کیے تھے۔کسان تحریک کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہا۔ دھریری جٹاں ٹول پلازہ پر کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے پٹیالہ-چندی گڑھ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔متعدد مقامات پر مسافر بھٹکتے نظر آئے۔
ہریانہ اور پنجاب میں کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے محکمہ ریلوے نے چنڈی گڑھ اور کالکا سے چلنے والی تین شتابدی ٹرینوں سمیت 15 ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ وندے بھارت سمیت تین ٹرینوں کو امبالہ تک محدود کر دیا گیا ۔ ناردرن ریلوے نے 158 ٹرینوں کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا اور 50 ٹرینوں کو مختصر کر دیا ہے۔
کسان امرتسر کے گولڈن گیٹ پر جمع رہے، جب کہ بھٹنڈہ کے رام پورہ پھول میں انہوں نے سڑکیں بلاک کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق، کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر نے اتوار کو بتایا تھا کہ، "یہ صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہے گا۔ تاہم ہنگامی خدمات جاری رہیں گی۔ ہوائی اڈے پر ہوائی جہاز سے سفر کرنے، نوکری کے انٹرویو کے لیے جانے یا شادی میں شرکت کرنے والے لوگوں کو بند کی کال سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔
دریں اثنا، کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال (70) کا انشن پیر کو 35ویں دن بھی جاری رہا۔ ڈلیوال نے اب طبی علاج کرانے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب-ہریانہ سرحد پر سینکڑوں کسان فصلوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈلےوال نے پہلے کہا تھا کہ وہ اپنا انشن تب تک نہیں توڑیں گے جب تک حکومت کسانوں کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی۔
سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو 31 دسمبر تک کا وقت دیا ہے کہ وہ ڈلیوال کو اسپتال میں داخل کرنے پر راضی کرے، ریاست کو بھی ضرورت پڑنے پر مرکزی حکومت سے مدد لینے کی آزادی ہے۔
سنیکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کے بینر تلے کسانوں نے 13 فروری سے پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو اور کھنوری سرحد پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جب انہیں سیکورٹی فورسز کے ذریعہ دہلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔
6 سے 14 دسمبر کے درمیان 101 کسانوں کے ایک گروپ نے تین بار دہلی کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن ہریانہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔
ایم ایس پی کے علاوہ کسان قرض معافی، پنشن، بجلی کی شرح میں کوئی اضافہ نہ کرنے، پولیس کیس واپس لینے اور 2021 لکھیم پور کھیری تشدد کے متاثرین کے لیے ’انصاف‘ کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔