کرناٹک میں سدار میا نے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا، ڈی کے شیوکمار بنے نائب وزیر اعلیٰ
بنگلورو، 20 مئی:۔
ہفتہ کو کرناٹک میں نئی حکومت تشکیل عمل میں آئی ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر سدار میا نے آج بنگلورو کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں کرناٹک کے اگلے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔یاد رہے کہ75 سالہ سدار میا ایک پسماندہ طبقے کے رہنما ہیں جن کا پانچ دہائیوں سے زیادہ کا سیاسی تجربہ ہے اور انہیں جنوبی ریاست کے عوامی رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
کرناٹک کانگریس پارٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر تھاور چند گہلوت نے بنگلورو کے کانتیراوا اسٹیڈیم میں جم غفیر کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ ،نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر وزرا کو حلف دلایا۔
کرناٹک حکومت کی اس حلف برداری کی تقریب میں راہل گاندھی، پرینکا واڈرا اور کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے متعدد سینئر رہنما نظر آئے ۔ اس موقع پر بہار کے سی ایم نتیش کمار، راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت، چھتیس گڑھ کے سی ایم بھوپیش بگھیل اور ایچ پی کے سی ایم سکھویندر سنگھ سکھو اور ایم کے اسٹالن، تیجسوی یادو، ہیمنت سورین اور محبوبہ مفتی، سیتارام یچوری، فاروق عبداللہ، ڈی راجہ، دیپانکر بھٹاچاریہ وغیرہ موجود رہے۔
کابینہ وزیر:
نو منتخب کرناٹک حکومت میں کابینی وزراء کے طور پر ڈاکٹر جی پرمیشور، کے ایچ. منیپا، کے جے جارج اور ایم بی پاٹل نے حلف لیا۔
ریاستی وزیر:
ستیش جارکی ہولی، پریانک کھڑگے، راملنگا ریڈی اور بی زیڈ ضمیر احمد خان نے نو منتخب کرناٹک حکومت میں ریاستی وزراء کے طور پر حلف لیا۔