کرناٹک: مسلم بس ڈرائیورکو ڈیوٹی کے دوران نماز پڑھنے پر معطل کر دیا گیا

نئی دہلی ،02 مئی :۔

کرناٹک میں نارتھ ویسٹرن کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (این ڈبلیو کے آر ٹی سی ) کے ہاویری ڈپو کے ایک بس ڈرائیور کو گاڑی روکنے اور  ڈیوٹی کے دوران نماز ادا کرنے پر معطل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ، جو مبینہ طور پر 29 اپریل کو پیش آیا تھا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس کے بعد  حکام کی جانب سے فوری طور پر اس کی جانچ کی گئی اور معطلی کی کارروائی انجام دی گئی۔

ڈرائیور، نیاز ملا، جواین ڈبلیو کے آر ٹی سی کے ہنگل ڈپو سے منسلک ہے، نے کرناٹک کے ہنگل سے مہاراشٹر کے وشال گڈ تک طے شدہ سفر کے دوران ہبلی کے مضافات میں گبور کراس کے قریب گاڑی کو روکا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ اسٹیئرنگ پوزیشن کے بالکل پیچھے والی سیٹ  پرنماز پڑھنے  لگا  جب کہ  اس وقت بس میں کئی مسافر  بیٹھے ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایک مسافر نے اس حرکت کو ویڈیو پر قید کر لیا اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس سے فوٹیج کی بڑے پیمانے پر گردش ہو گئی۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس ویڈیو پر  فوری جواب دیا۔  این ڈبلیو کے آر ٹی سی  کی منیجنگ ڈائریکٹر پرینگا ایم نے کہا، "ہم اس دعوے کی صداقت کی تصدیق کر رہے ہیں کہ اس نے نماز پڑھنے کے لیے بس روکی تھی۔” انہوں نے تصدیق کی کہ معطلی کا ابتدائی حکم اسی لمحے جاری کیا گیا جب اسے بدھ کو دیر گئے ویڈیو کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن، جو شمالی اور مغربی کرناٹک کے نو ڈویژنوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام کرتی ہے، نے سروس کے اصولوں اور مسافروں کی سہولت کے لیے اپنی وابستگی پر زور دیا۔

اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، کرناٹک کے وزیر ٹرانسپورٹ راملنگا ریڈی نے ریمارکس دیے، "ہم نے بس ڈرائیور کو محکمے کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر خدمات سے عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے مذہبی رسومات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔” انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے ریاست کی نقل و حمل کی امیج کو ممکنہ نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  "کرناٹک پبلک ٹرانسپورٹ ملک میں سب سے بہترین  جانا جاتا ہے، اس طرح کی سرگرمیاں ریاست کی شبیہ کو خراب کریں گی۔ آپریٹنگ عملہ کے انچارج اگر اس طرح کے واقعات کے بار بار ہوتے ہیں تو تادیبی کارروائی کریں گے۔