کرناٹک: شری رام سینا نے ہتھیاروں کے تربیتی کیمپ کا انعقادکیا،پولیس کی تفتیش جاری
منتظمین کا دعویٰ ،تربیتی کیمپ سیلف ڈفینس کا حصہ، اگر تحقیقات کے بعد کسی غیر قانونی سرگرمی کی تصدیق ہوئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
نئی دہلی ،08 جنوری :۔
آر ایس ایس سے وابستہ ایک انتہا پسند گروپ شری رام سینا نے حال ہی میں کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع میں 25 سے 29 دسمبر تک ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیاتھا۔یہ تقریب جمکھنڈی سٹی کے تھودل بھاگی گاؤں میں منعقد ہوئی۔ تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکوں کو ہتھیاروں کی تربیت اور دیگر جسمانی تربیت دی گئی ہے ۔اس تربیت کے ذریعہ یہ واضح ہو رہا ہے کہ تنظیم کے عزائم کتنے خطرناک ہیں ۔اس سلسلے میں کرناٹک پولیس نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ شروع کر دی ہے۔دریں اثنا منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ سب کچھ شرکاء کو "سیلف ڈیفنس” سکھانے کے لیے کیا گیا تھا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے منتظمین میں سے ایک نے دعویٰ کیا، ”انہیں تلواریں چلانے کی تربیت دی گئی تھی۔ انہیں کراٹے، آپٹیکل، ایئرگن وغیرہ سکھائے گئے تاکہ وہ اپنا دفاع کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق باگل کوٹ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امرناتھ ریڈی نے کہا کہ پورے معاملے کی بغور جانچ کے لیے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اس تقریب کے دوران استعمال ہونے والے اسلحے کی قسم کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اگر تحقیقات کے بعد کسی غیر قانونی سرگرمی کی تصدیق ہوئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک نے 2021 کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ تنظیم جسمانی تربیتی کیمپ، یوگا کراٹے کیمپ، اور اسٹک فائٹنگ ٹریننگ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اسی طرح کا ایک تربیتی کیمپ 2 سال قبل بجرنگ دل نے ضلع کوڈاگو کے مڈیکیری کے ایک اسکول میں منعقد کیا تھا۔ منتظمین نے ایئر گن اور ترشول چلانے کی تربیت دی تھی۔