کرناٹک: سخت سیکورٹی کے درمیان الند درگاہ میں پوجا کی رسومات ادا
لاڈلے مشک درگاہ کے اندرمہا شیو راتری پر کرناٹک ہائی کورٹ نے پوجا کی اجازت دی تھی

نئی دہلی ،26 فروری :۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے مہا شیوراتری کے موقع پر کلبرگی ضلع کے الند میں لاڈلے مشک درگاہ کے اندر واقع راگھو چیتنیا شیولنگا میں شیولنگا کی پوجا کرنے کی اجازت دی تھی جس پر آج عمل کرتے ہوئے پوجا کی رسم ادا کی گئی ۔ تاہم، عدالت نے شرکت کو صرف 15 افراد تک محدود کر دیاتھا ۔
رپورٹ کے مطابق کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کے بعد، مہاشیو راتری کے موقع پر، بدھ کے روز کلبرگی ضلع میں لاڈلے مشک درگاہ میں واقع راگھو چیتنیا شیولنگا کی پوجا کی گئی۔ کڈگنچی مٹھ کے ویربھدر شیواچاریہ سوامی کی قیادت میں 10 عقیدت مندوں نے شیولنگا کی رسم پوجا کی۔ یہ درگاہ ضلع کے الند تعلقہ ہیڈکوارٹر کے مضافات میں ہے۔
ایک دن پہلے ہندو تنظیموں کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے مہاشیو راتری کے دن 15 عقیدت مندوں کو دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک راگھو چیتنیا شیولنگا کی پوجا کرنے کی اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے کرناٹک وقف ٹریبونل کے پہلے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے یہ حکم دیا، جس نے اس مقام پر مذہبی رسومات کی اجازت دی تھی۔
ٹربیونل کی ہدایت کے مطابق مسلمانوں کو صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک عرس سے متعلق رسومات ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ہندو عقیدت مندوں کو دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک شیولنگا کی پوجا کرنے کی اجازت دی گئی۔
اس دوران درگاہ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پوجا کرنے سے پہلے عقیدت مندوں کے آدھار کارڈ وغیرہ کو سیکورٹی پروٹوکول کے طور پر چیک کیا گیا۔ پوجا کے بعد، عقیدت مندوں کے گروپ کی قیادت کرنے والے ویربھدر شیواچاریہ نے کہا کہ پوجا رسومات کے ساتھ کی گئی۔
کسی بھی خلل کو روکنے کے لیے، حکام نے آلند شہر میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کر دیے تھے۔ ضلع انتظامیہ نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگاتے ہوئے سی آر پی سی کی دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے۔
مزید احتیاط کے طور پر، کلبرگی کی ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم نے منگل (25 فروری) رات 11 بجے سے جمعرات (27 فروری) صبح 6 بجے تک ضلع میں شراب کی فروخت پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ لاڈلے مشک کی درگاہ کا تعلق 14ویں صدی کے صوفی سنت اور 15ویں صدی کے ہندو سنت راگھو چیتنیا سے ہے، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کے گرو تھے۔
صدیوں سے، ہندو اور مسلم دونوں برادریاں پرامن طریقے سے مزار پر جمع ہوتی تھیں۔ تاہم، 2022 میں کشیدگی میں اضافہ ہوا جب یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ بعض افراد نے شیولنگا کی بے حرمتی کی ہے۔ اس واقعے سے فرقہ وارانہ تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 10 خواتین سمیت 167 گرفتار ہوئے۔