کرناٹک: برقع پوش خاتون  نے ’جے شری رام‘ کا جواب اللہ اکبر سے دیا

نئی دہلی ،23جنوری :۔

ایودھیا میں 22 تاریخ کو پران پرتشٹھا کی تقریب کے پیش نظر پورے ملک میں مذہبی جلوس نکالے گئے۔اس دوران سڑکوں پر ٹریفک بھی متاثر ہوا ۔جلوس میں شامل کچھ شر پسندوں کی وجہ سے اشتعال انگیزی بھی کی گئی ۔  کچھ جگہوں پر تو سڑک جام کر دیے جلائے گئے، تیز آواز میں ڈی جے بجایا گیا اور زبردستی دکانوں کو بند کرایا گیا۔ جس سے سڑک پر گزرنے والوں کو پرایشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔دریں اثنا  کرناٹک کے شیموگہ  میں ایک حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا  جہاں ’پران پرتشٹھا‘ کی خوشی میں بی جے پی کے لوگ سڑک جام کر کے مٹھائیاں تقسیم کر رہے تھے۔اس دوران سڑک پر ایک برقع پوش خاتون پھنس گئی  ۔ خاتون اسکوٹر سے اپنے بچے کے ساتھ گزر رہی تھی جسے دیکھ کر وہاں جمع سینکڑوں ہندو ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگانے لگے اور پولیس کی موجودی میں ہنگامہ کرنے لگے۔اس ہنگامہ آرائی اور جے شری رام کا جواب اس برقع پوش خاتون نے بڑی دلیری سے دیتے ہوئے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کیا۔

اس واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا  ہے ۔جس میں بتایا گیا ہے کہ   یہ واقعہ کرناٹک کے شیموگہ کے شیواپنائک ورتا چوک کا ہے جہاں بی جے پی کے لوگ پنڈال باندھ کر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے پوری سڑک کو جام کر دیا تھا۔ اسی دوران وہاں سے ایک برقع پوش خاتون اپنے بچے کے ساتھ اسکوٹر سے گزر رہی تھی، جسے راستہ دینے کے بجائے روک دیا گیا۔ اس خاتون نے جب اصرار کیا تو پران پرتشٹھا کے نشے میں سرشار بی جے پی کے لوگ جے شری رام کے نعرے لگانے لگے۔ یہ دیکھ کر اس خاتون نے بھی بلند آواز میں اللہ اکبر کے نعرے لگائے جس کی وجہ سے وہاں کا ماحول تھوڑی دیر کے لیے کشیدہ ہو گیا۔حالانکہ وہاں موجود پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے بچے کو وہاں سے محفوظ نکال لے گئی اور معاملہ شانت ہو گیا۔