کرناٹک اسمبلی کے پہلے مسلم اسپیکر ہوں گے یو ٹی عبدالقادر

نئی دہلی،23مئی :۔

کانگریس کے تجربہ کار لیڈر اور منگلورو سیٹ سے رکن اسمبلی یو ٹی عبدالقادر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔ دیر رات گئے ریاست کی کانگریس حکومت نے قادر کے نام کو منظوری دے دی۔

رپورٹ کے مطابق یو ٹی قادر کا تعلق منگلورو خطے کے جنوبی کرناٹک ضلع سے ہے۔ اس اقدام کو کانگریس کے مسلمانوں کے تئیں اظہار تشکر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مسلم ووٹروں نے کھل کر کانگریس کی حمایت کی ہے۔
یو ٹی عبدالقادر 5 بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وہ گزشتہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے نائب رہنما تھے۔ اس کے علاوہ وہ 2013 کی سدارمیا حکومت اور پھر 2018 کی کانگریس-جے ڈی ایس حکومت میں کابینہ وزیر رہ چکے ہیں۔

قادر آج اسپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے، ان کا انتخاب بلامقابلہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ 66 ارکان اسمبلی والی بی جے پی اور 19 ارکان اسمبلی والی جے ڈی ایس نے اس عہدے کے لیے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔ کرناٹک قانون ساز اسمبلی کا تین روزہ اجلاس پیر کو نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوا۔ قادر منتخب ہونے کے بعد بدھ کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ نو منتخب کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں مسلم ارکان اسمبلی کی تعداد 9 ہے اور سبھی کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے۔ کانگریس نے کل 15 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا۔ دوسری طرف جے ڈی ایس نے 23 مسلم امیدوار کھڑے کیے لیکن ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔ کرناٹک میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 13 فیصد ہے۔