کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے 124 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی
کرناٹک میں موجودہ اسمبلی کی میعاد مئی میں ختم ہوگی۔ اس سے پہلے ریاست میں انتخابات ہونے ہیں , کانگریس جنوبی ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے اقتدار چھیننے کی کوشش کر رہی ہے
نئی دہلی25مارچ :۔
کانگریس نے ہفتہ کو کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے 124 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کو ورنا سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ فہرست کے مطابق پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ ڈی کے شیوکمار اپنے کنکا پورہ اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے۔ پارٹی نے سابق نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور کو کوراٹگیرے (ایس سی) حلقہ سے میدان میں اتارا ہے۔ سابق وزرا کے ایچ منیپا اور پرینک کھڑگے بالترتیب دیوناہلی اور چٹا پور (ایس سی) سے انتخاب لڑیں گے۔ پرینک کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے بیٹے ہیں۔
پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے 17 مارچ کو دہلی میں میٹنگ کے بعد امیدواروں کی پہلی فہرست کو منظوری دی۔ اس کمیٹی کی صدارت کانگریس کے سربراہ کھڑگے نے کی۔ اس میٹنگ میں راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ کانگریس پہلی پارٹی ہے جس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ابھی تک جنوبی ریاست میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔
کرناٹک میں موجودہ اسمبلی کی میعاد مئی میں ختم ہوگی۔ اس سے پہلے ریاست میں انتخابات ہونے ہیں۔ کانگریس جنوبی ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے اقتدار چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔