کرناٹک:بی جے پی کے ایم ایل سی پوتنا نے دیا استعفیٰ، کانگریس میں شامل
بنگلورو،10مارچ :۔
چند ماہ بعد کرناٹک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔تمام پارٹیوں کی سیاسی اور انتخابی سر گرمیاں جوش و خروش کے ساتھ جاری ہیں ۔دریں اثنا بی جے پی میں ایک بڑا رد عمل دیکھنے کو ملا ہے جہاں بی جے پی ایم ایل پوتّنّا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ابھی گزشتہ روز کرناٹک بی جے پی آئی ٹی سیل کے متعدد اہلکاروں نے استعفیٰ دیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پوتنا بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے بھی مستعفی ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دیا ہے اور اس کے بعد وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق پوتنا نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا، ایل او پی سدارمیا اور کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن جلد ہی کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے والا ہے اور انتخابات سے قبل بی جے پی ریاست میں کئی محاذوں پر گھری ہوئی ہے۔ ایک طرف پارٹی کے کچھ لیڈر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور دھڑوں میں بٹے ہوئے ہیں تو دوسری طرف ریاست میں بی جے پی حکومت بدعنوانی کے معاملے پر گھری ہوئی ہے۔ الزام ہے کہ ریاست میں ٹینڈر حاصل کرنے کے لیے 40 فیصد تک کمیشن دینا پڑتا ہے۔
اپوزیشن کے الزامات کو اس وقت تقویت ملی جب بی جے پی کے رکن اسمبلی کے بیٹے اور بنگلورو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (بی ڈبلیو ایس ایس بی) کے چیف اکاؤنٹنٹ پرشانت مدل کو حال ہی میں کرناٹک لوک آیوکت کے اہلکاروں نے 40 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ پرشانت، چناگیری اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے موجودہ رکن اسمبلی کے مدل ویروپکشپا کے بیٹے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پرشانت نے ٹینڈر کے عمل کو ختم کرنے کے لیے 80 لاکھ روپے کی رشوت طلب کی تھی۔ وہ اپنے دفتر میں 40 لاکھ روپے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گیے۔ اس گرفتاری کے بعد بی جے پی مزید گھری ہوئی ہے۔