کانگریس نے 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر، راشن کٹ اور تین سو یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا 

نئی دہلی، 16 جنوری :

دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کی جانب سے عوام سے متعدد وعدے کئے جار رہے ہیں ۔اسی ضمن میں کانگریس نے ایک انتہائی اہم اور بیروزگاری کو دیکھتے ہوئے بڑے وعدے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے دہلی میں اسمبلی انتخابات میں حکومت بننے کی صورت میں 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر، ایک مفت راشن کٹ اور ہر خاندان کو ہر ماہ 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کانگریس کا یہ اعلان یقیناً تمام سیایسی پارٹیوں کیلئے حیران کن  ہوگا خاص طور پر بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کیلئے۔عام آدمی پارٹی پہلے ہی متعدد عوامی اعلانات کئے ہیں ۔جس میں خواتین کیلئے ہر ماہ21 سو روپے دینے کا وعدہ انتہائی اہم ہے۔

رپورٹ کے مطابق دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے جمعرات کو یہاں ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کئی انتخابی وعدوں کا اعلان کیا۔ تلنگانہ کی مثال دیتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں وہاں کی حکومت نے 13 ماہ میں پورا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ریونت ریڈی یہاں دہلی کے رائے دہندوں تک اپنے خیالات پہنچانے آئے ہیں۔ دہلی میں کانگریس کی ایک ماہ طویل نیا ئے یاترا پر گفتگو کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ اس سفر کے دوران انہوں نے دہلی کے کونے کونے سے لوگوں سے بات چیت کی۔ عوام کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو پورا کرنے کے لیے کانگریس نے اب تک پیاری دیدی اور جیون رکھشا یوجنا جیسی گارنٹیوں کا اعلان کیا ہے اور پوروانچلیوں کے لیے مہاکمبھ کی طرز پر چھٹھ تہوار کا انعقاد کا وعدہ کیا ہے۔ دیویندر نے کہا کہ آج ہم 500 روپے میں سلنڈر، مفت راشن کٹ اور 300 یونٹ مفت بجلی کی ضمانت کا اعلان کر رہے ہیں۔ کانگریس کی ان ضمانتوں کو حکومت کی تشکیل کے بعد کابینہ کی پہلی میٹنگ میں لاگو کیا جائے گا۔

کانگریس کے ریاستی صدر یادو نے کہا کہ اس کی چوتھی ضمانت کے طور پر، کانگریس ہر خاندان کو ہر ماہ 500 روپے میں ایک سلنڈر اور اس کے ساتھ ہر خاندان کو مفت راشن کٹ دے گی۔ اس کٹ میں 5 کلو چاول، 2 کلو چینی، تین لیٹر تیل، 6 کلو دالیں اور 250 گرام چائے کی پتی مفت دی جائے گی۔ مہنگائی کے اس دور میں خواتین کو اپنا کچن چلانا بہت آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں بڑی ضمانت کے طور پر ہر خاندان کو 300 یونٹ بجلی مفت ملے گی۔ یہ رقم براہ راست صارفین کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔