کانپور: ہندو توتنظیموں کا ٹیسٹ میچ کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج
وشو ہندو پریشد،بجرنگ دل کے ارکان بھگو ا جھنڈے لے کر سڑک پر نکلے،ہندوؤں پر حملے کے خلاف نعرے بازی
کانپور، 27 ستمبر :۔
کانپور کے تاریخی گرین پارک اسٹیڈیم میں جمعہ کو جہاں کرکٹ کے شائقین تین سال بعد بین الاقوامی کرکٹ ٹیسٹ میچ سے لطف اندوز ہو رہے تھے، وہیں اسٹیڈیم کے باہر ہندو تنظیموں سے وابستہ لوگ میچ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ ہندو تنظیموں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں بھارت کا بنگلہ دیش کے ساتھ کرکٹ میچ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔ پرامن طریقے سے اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بنگلہ دیش کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس ٹیسٹ میچ کے خلاف پہلے ہی ہندوتو تنظیموں نے مخالفت کی تھی اور بنگلہ دیش میں تختہ پلٹ کے بعد ہندوؤں پر ظلم و زیادتی کا الزام لگا کر بنگلہ دیش کے ساتھ میچ نہ کرائے جانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ آج میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں بھگوا جھنڈوں کے ساتھ جمع ہوئے اور جم کر بنگلہ دیش کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس دوران سیکورٹی اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ کو کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں شروع ہوا۔ اس پانچ روزہ میچ کے پہلے ہی دن جمعہ کو ہندونواز تنظیمیں بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج کے لیے اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئیں۔ اس پر پولیس نے پریڈ چوراہے کے قریب کسی کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی اور ہندو تنظیموں نے سڑک پر ہی کرکٹ میچ کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔
وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہنومان چالیسہ پڑھا اور نعرے لگائے۔ بنگلہ دیش میں تشدد کے خلاف بینرز اٹھائے ہوئے تھے، اس دوران پولیس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔جب بجرنگ دل کے کارکنوں نے اسٹیڈیم کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو ان کی پولس سے جھڑپ ہوئی۔ جب انہیں آگے بڑھنے سے روکا گیا تو ہندو تنظیم کے لوگ پولیس کے خلاف پیچھے ہٹ گئے۔ وشو ہندو پریشد کے ضلع وزیر یوراج نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا گیا ہے۔یہ کس قدر وسیع ہوگا، اس کا فیصلہ عوام کی شرکت سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے خلاف سٹیڈیم کے اندر بھی احتجاج ہو سکتا ہے۔ ضلع سکریٹری نے بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج میں ڈی سی پی ساؤ تھ انکیتا شرما کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ڈی سی پی ایسٹ شراون کمار سنگھ نے کہا کہ اسٹیڈیم کے اندر سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹیسٹ میچ کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دریں اثنا بنگلہ دیشی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے والا بنگلہ دیش ٹیم کا فین ٹائیگر روب پر بھیڑ نے حملہ کر دیا اور جم کر پٹائی کر دی جس سے وہ زخمی ہو گیا ۔ کسی طرح کچھ رضاکاروں نے اسے بچایا اوراٹھا کر اسپتال پہنچایا۔