کانپور میں’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے سے انکار پر 13 سالہ مسلم لڑکے پر حملہ

تین نابالغوں نے شیشے کا بوتل توڑ کر حملہ کیا ،زخمی بچہ اسپتال میں داخل،متاثرہ لڑکے کے دادا کی شکایت پر ایف آئی آر درج

نئی دہلی ،کانپور19 اپریل :۔

ہندومذہبی شدت پسند ی اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتی نفرت سے بچے بھی محفوظ نہیں ہیں۔یہ نفرت دھیرے دھیرے بڑوں کے علاوہ اور بچوں میں بھی سرائت کر تا جا رہا ہے۔جس کی وجہ سے نابالغ مسلم بچے اس نفرت  کا شکار  ہو رہے ہیں ۔تازہ معاملہ اتر پردیش کے کانپور کا ہے جہاں ایک 13 سالہ نابالغ مسلم بچے کو جے شری رام کا نعرہ لگانے کیلئے مجبور کیا گیا اور بچے کے انکار کرنے پر چاقو سے جان لیوا حملہ کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق  کانپور  اترپردیش میں مہاراج پور پولیس سرکل کے سرسول علاقے میں نابالغوں کے ایک گروپ کے حملے میں ایک 13 سالہ مسلم لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکے نے گروپ کے مطالبے کے مطابق "جے سری رام” کا نعرہ لگانے سے انکار کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق تین نابالغوں نے پہلے لڑکے کو جھکنے اور پاؤں چھونے کو کہا۔ جب اس نے انکار کیا تو انہوں نے اس سے مذہبی نعرہ لگانے کا مطالبہ کیا۔ جب لڑکا انکار کرتا رہا تو ملزمین نے مبینہ طور پر شیشے کی بوتل توڑ دی اور اس کا ایک ٹکڑا اس کی ران میں وار کرنے کے لیے استعمال کیا۔ لڑکا زخمی ہوا اور اسے علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔لڑکے کے دادا کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔