کانپور: انسپکٹر نے امام کی پٹائی کی ،ناراض لوگوں نے تھانے کا کیا گھراؤ
معاملہ سنگین ہوتا دیکھ کرملزم انسپکٹر اجے کمار نے عوامی طور پر امام سے معافی مانگ لی
کانپور، 09 اگست:۔
کانپور بیکن گنج تھانہ علاقہ میں ایک انسپکٹر ایک امام کی اس وقت پٹائی کر دی جب امام مسجد سے پڑھا کر گھر لوٹ رہے تھے ۔امام کی پٹائی کی خبر کے بعد اہل علاقہ اور کاروباری برادری میں شدید بے چینی پھیل گئی ۔عوام نے انسپکٹر کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرتے ہوئے تھانے کے گھیراؤ کیا ۔ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر انسپکٹر نے عوامی طور پر معافی مانگ لی اور معاملہ شانت ہو گیا ہے ۔ حکام کے مطابق مزید معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق کانپور کے بیکن گنج علاقہ کے رہنے والے امام سراج بدھ کو معمول کے مطابق مدرسہ میں پڑھانے کے بعد واپس آرہے تھے۔ وہ ابھی سڑک پر پہنچے ہی تھے کہ بیکن گنج کے انسپکٹر اجے کمار سنگھ سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں کو ہٹانے پہنچے۔الزام ہے کہ انسپکٹر نے امام کی بائک کو گرا دیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ متاثرہ امام سراج نے اس سلسلے میں بات کرنے کی کوشش کی تو انسپکٹر نے انہیں مزید مارنا شروع کردیا۔امام کے اپنے بارے میں بتانے کے باوجود انسپکٹر نے ان کی پٹائی کی ۔ معاملہ امام سے متعلق ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں اور تاجروں میں غم و غصہ پھیل گیا اور لوگوں نےجمع ہو کر تھانے کا محاصرہ کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بازار بند کرنا شروع کر دیا اور انسپکٹر کو ہٹانے کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔
جب پولیس کمشنر کو اس معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر اعلیٰ حکام کو موقع پر روانہ کیا۔ معاملہ آگے بڑھتا دیکھ کر انسپکٹر نے سرعام معافی مانگی اور کہا کہ ان کو علم نہیں تھا ۔ اے سی پی اکمل خان نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور اگر قصوروار پایا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال علاقے میں کوئی کشیدگی نہیں ہے ۔